پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کر گئیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے اپنی ٹوئٹ میں بیگم شمیم اختر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ اُن کی عمر نوے برس بتائی جا رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کی والدہ کی میت پیر کو پاکستان بھجوائی جائے گی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نواز شریف اُن کے ہمراہ پاکستان آئیں گے یا نہیں۔
میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پا گئیں ہیں Api jee Passed away إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) November 22, 2020
نواز شریف کی والدہ رواں سال فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں اور نواز شریف کے ساتھ ہی مقیم تھیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ سال عدالتی حکم پر علاج کے لیے لندن گئے تھے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔
#COAS expresses grief and heartfelt condolences on sad demise of Begum Shamim Akhtar mother of Mian Muhammad Nawaz Sharif / Mian Shehbaz Sharif “May Allah Almighty bless the departed soul in eternal peace - Ameen”, COAS
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 22, 2020
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ اللہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔
سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے بھی ایک ٹوئٹ میں بیگم شمیم اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اللہ تعالی مرحوم محمد شریف کی اہلیہ ٫ بیگم شمیم اختر صاحبہ کو جنت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے خاندان اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے - آمین
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) November 22, 2020
قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شہباز شریف کی پرول پر رہائی کے لیے درخواست دی جائے گی۔
شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی تدفین جاتی عمرا میں شریف خاندان کی رہائش گاہ میں ہی کی جائے گی۔ جہاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز، اُن کے والد اور بھائی بھی دفن ہیں۔