یمن: حوثی باغیوں کے اہداف پر اسرائیل کے نئے حملے

حوثیوں کے کنٹرول والے یمن کے دارالحکومت صنعا میں غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں ہونے والی ایک ریلی میں مظاہرین نے فلسطینی اور یمنی جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں، فوٹو اے پی 10 جنوری 2025

  • اسرائیل کی ائیر فورس کے جیٹ طیاروں نے یمن کے حوثی باغیوں کے اہداف پر نئے حملے کیے ہیں : اسرائیلی ڈیفینس فورس۔
  • یمن کے مغربی ساحل پر راس عیسیٰ اور حدیدہ کی بندر گاہوں کے حوثی انفرا اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
  • اسرائیل کے خلاف حوثی دہشت گرد حکومت کے بار بار کے حملوں کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔ آئی ڈی ایف
  • حوثیوں نے ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے اس وقت ہوئے جب صنعا میں غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں رہلی ہو رہی تھی۔

اسرائیل کی ڈیفینس فورس،آئی ڈی ایف نے جمعے کو بتایا کہ اسرائیل کی ائیر فورس کے جیٹ طیاروں نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی گروپ کے اہداف پر حملے کیے ہیں۔

اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کےخلاف حوثی دہشت گرد حکومت کی جانب سے بار بار کے حملوں کے رد عمل میں کیے گئے ہیں۔

رائٹرز نے اطلاع دی کہ ان حملوں میں سے ایک یمن کے دارالحکومت صنعا میں غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنے والی ایک ریلی کے قریب ہوا۔

حوثیوں نے بھی ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے اس وقت ہوئے جب لوگ غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں صنعا میں ریلی کر رہے تھے۔

حوثیوں کے زیر انتظام یمن کے دار الحکومت صنعا میں غزہ کےفلسطینیوں کی حمایت میں ریلی کا ایک منظر، فوٹو اے ایف پی،10 جنوری 2025

آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ انہوں نے یمن کے مغربی ساحل پر راس عیسیٰ اور حدیدہ کی بندرگاہوں کے حوثی انفرااسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا۔

یمن کے ال۔مشراہ ٹیلی وژن نے تین لوگوں کےزخمی ہونےکی اطلاع دی۔ سیٹلائٹ چینل نے ایک ویڈیو براڈ کاسٹ کی جس میں شہر کے ال۔سبین چوک کے قریب دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا تھا۔ ادارے نے خبر دی کہ فضائی حملوں نے دارالحکومت کے ایک پاور اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا۔

SEE ALSO: اسرائیل کی یمن کے صنعا ایئرپورٹ سمیت کئی مقامات پر بمباری

حوثیوں کی جانب سے جمعرات کو اسرائیل پر تین ڈرون لانچ کیے جانے سے قبل امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس نے یمن میں بقول اس کے زیر زمین اسلحے کی تنصیبات پر سلسلے وار حملے کیے ہیں۔

حوثی عسکریت پسند، جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے، حالیہ ہفتوں میں اسرائیل پر اپنے ڈرون اور میزائلوں کے حملوں میں اضافہ کرتے رہے ہیں۔

حوثی باغیوں نے یمن کے قریب بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازوں پر بار بار حملے کیے ہیں۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ حملے فلسطینیوں کی حمایت میں کر رہے ہیں۔

اسرائیل یمن کے صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ایران نوازحوثی باغیوں کے زیرِ انتظام کئی تنصیبات کو بار بار بمباری کا نشانہ بنا چکا ہے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔