میکسیکو: بدنام زمانہ منشیات اسمگلر گرفتار

گرفتاری کے بعد لی گئیں ٹروینو کی تصاویر

’’زی۔40‘‘ کے نام سے پہچانے جانے والے میگیول اینجل ٹروینو کو سکیورٹی فورسز نے سرحدی شہر نوئوو لاریڈو میں ایک پک اپ ٹرک پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔
میکسیکو میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے بدنام زمانہ منشیات کی اسمگلنگ کے گروپ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

’’زی۔40‘‘ کے نام سے پہچانے جانے والے میگیول اینجل ٹروینو کو سکیورٹی فورسز نے سرحدی شہر نوؤو لاریڈو میں ایک پک اپ ٹرک پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔

حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ٹرک سے 20 لاکھ ڈالر کی رقم اور متعدد بندوقیں برآمد ہوئیں۔ گاڑی سے دو دیگر افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس سرغنہ کے محافظ تھے۔

چالیس سالہ ٹروینو گزشتہ سال سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہیریبرٹو لازکانو کی ہلاکت کے بعد زیٹاس گروپ کا سرغنہ بنا تھا۔ اس پر اغوا، قتل اور تشدد سمیت متعدد جرائم کا مرتکب ہونے کے الزامات ہیں۔

امریکہ نے ٹروینو کی گرفتاری میں مدد دینے کے لیے پچاس لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کر رکھا تھا۔