میسی بیسٹ فٹ بالر آف دی ایئر، گولڈن بوٹ ٹرافی ایمباپے کے نام

لیونل میسی اور ایمباپے

ارجنٹائن کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی فیفا بیسٹ فٹ بالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ گولڈن بوٹ ٹرافی فرانس کے ایمباپے کے نام رہی۔ بہترین خاتون فٹ بالر کا ایوارڈ اسپین کی الیکسیا پوٹیلس کے نام رہا۔

گزشتہ برس قطر میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو شکست دے کر ارجنٹائن کو ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی نے یہ ایوارڈ گزشتہ 14 برس میں ساتویں مرتبہ جیتا ہے۔

میسی نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ برس ان کے لیے بہت ہنگامہ خیز برس رہا۔

اُن کا کہنا تھا کہ "مجھے مسلسل جدوجہد کے بعد اپنا خواب پورا کرنے کا موقع ملا۔ اور بالآخر یہ خواب پورا ہو گیا، یہ میرے کریئر کا سب سے خوبصورت لمحہ تھا۔ یہ ہر کھلاڑی کا خواب ہے، لیکن بہت کم ہی اسے حاصل کر پاتے ہیں۔"

اس ایوارڈ کے لیے میسی کے علاوہ فرانس کے کلیان ایمباپے اور کریم بنزیما کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

SEE ALSO: ایشین فٹ بال کپ 2027 سعودی عرب میں ہو گا

ایمباپے اگرچہ بہترین کھلاڑی کی ٹرافی گولڈن بال تو نہ حاصل کرسکے۔ لیکن وہ سال میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی کی ٹرافی گولڈن بوٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔

چار سالہایمباپے میسی سے 11 برس کم عمر ہیں اور انہیں عالمی اسٹیج پر میسی کا وارث کہا جا رہا ہے۔

ریال میڈرڈ کے بنزیما نے ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں فٹ بال کا نامور ایوارڈ بیلون ڈئیور جیتا تھا۔ وہ گزشتہ برس فرانس کی جانب سے ورلڈکپ انجری کی وجہ سے نہیں کھیل پائے تھے۔

فیفا کی دنیا کے بہترین 11 کھلاڑیوں کی ٹیم میں بھی اس برس میسی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔ دونوں کھلاڑی ریکارڈ 16 مرتبہ اس ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

اس ٹیم میں بیلجیم کے تھیباٹ کورٹیوس، مراکش کے اشرف حکیمی، پرتگال کے ہواؤ کینسیلو، نیدر لینڈز کے ورجل وین ڈیجک، بیلجیم کے کیون ڈی برون، کروشیا کے لوکا موڈرک، برازیل کے کیسیمیرو، ناروے کے ارلنگ ہالینڈ اور فرانس سے ایمباپے اور بنزیما شامل ہیں۔