بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر، 'اب کچھ نہیں ہو سکتا کیا؟'

فائل فوٹو

بھارت کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ سے باہر ہو گئی ہے لیکن اس کا اب بھی ایک میچ باقی ہے۔ بھارتی ٹیم کے ایونٹ سے باہر ہونے پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے اور میمز وائرل ہو رہی ہیں۔

کپتان وراٹ کوہلی نمیبیا کے خلاف پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں آخری مرتبہ ٹیم کی قیادت کریں گے اور ایونٹ میں بھارتی ٹیم کا یہ آخری میچ ہو گا جس کے بعد کھلاڑی وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔ اس میچ کا نتیجہ بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ نہیں دلا سکے گا البتہ جیتنے کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد چھ ہو جائے گی۔

ایونٹ سے باہر ہونے پر بھارت کی ٹیم نہ صرف اپنے ملک میں تنقید کی زد میں ہے بلکہ دنیا بھر میں موجود اس کے شائقین ٹیم کی ناقص کارکردگی پر نالاں ہیں۔

پاکستان میں بھی سوشل میڈیا پر 'ٹیم انڈیا' کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے جہاں صارفین بھارتی ٹیم کو مختلف انداز سے الوداع کہہ رہے ہیں۔ کچھ نے کوہلی الیون کو بھارت پہنچنے کے مشورے دیے ہیں اور کچھ ایونٹ میں دوبارہ واپس آنے کے مواقع بتا رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی تصویر شیئر کی ہے جس میں کھلاڑیوں کو پیکنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر پر ٹوئٹر صارف تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں ٹیم انڈیا اپنے بیگ باندھ رہی ہے۔

فاطمہ خلیل نامی ٹوئٹر صارف نے پلے کارڈز تھامے پاکستانی شائقین کی تصویر شیئر کی ہے جس پر 'بائے بائے انڈیا' تحریر ہے۔ اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے فاطمہ لکھتی ہیں بعض تصاویر کو کیپشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔

پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں اگر بھارت نمیبیا کے خلاف میچ تین اوورز میں ختم کر دیتی ہے تو وہ ایئرپورٹ جلدی پہنچ سکتی ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے مقبول کارٹون ٹام اینڈ جیری کی میم شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا کہ بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کی کوشش کر رہی تھی۔ میم میں کارٹون کردار جیری کو بل میں گھسنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک صارف میم شیئر کرتے ہیں جس پر تحریر ہے کہ ایک دفعہ کا ذکر ہے۔ نیوزی لینڈ اور افغانستان کا میچ تھا اور انڈیا باہر ہو گیا۔

یاد رہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارتی ٹیم کو افغانستان اور نیوزی لینڈ کے میچ پر انحصار کرنا پڑا تھا۔ اگر نیوزی لینڈ کو افغانستان کے خلاف شکست ہو جاتی تو بھارت کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات موجود تھے۔

ملک ہارون نے ایک میم شیئر کی ہے جس پر ورلڈکپ کی مناسبت سے تحریر ہے کہ اب ملتا ہی نہیں ہے، پتا نہیں کہاں ہے؟

نمیبیا کے خلاف میچ کے بعد بھارتی کھلاڑی واپسی کا سفر کریں گے۔ بعض صارفین نے بھارتی ٹیم کی واپسی پر تنقید کی ہے۔

فرضی نام سے موجود ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے شیئر کردہ میم میں یہ دکھایا گیا ہے کہ بھارت آئی سی سی سے پوچھتا ہے کہ اب کچھ نہیں ہو سکتا کیا؟ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں معزز ٹیم انڈیا اب کچھ نہیں ہو سکتا۔

سید قیوم جیلانی پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ صرف دو بھارتیوں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان اتوار کی شب ہونے والے میچ میں ثانیہ مرزا تماشائیوں کے اسٹینڈ میں موجود تھیں اور وہ شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ پر تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کر رہی تھیں۔ شعیب ملک نے اس میچ میں 18 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔