برطانیہ کے شاہی خاندان کو خیرباد کہنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے لیے اپنی پہلی دستاویزی سیریز کا اعلان کیا ہے۔
شہزادہ ہیری کی توجہ اب پروڈکشن کی جانب ہے اور ان کی 'آرچ ویل پروڈکشنز' نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ نیٹ فلکس کے لیے اپنی سیریز لائے گی۔
شہزادہ ہیری اور میگھن کی پروڈکشن میں تیار کی جانے والی اس دستاویزی سیریز کا نام 'ہارٹ آف انوِکٹس' ہے جس کی کہانی 'انوِکٹس گیمز' کے گرد گھومتی ہے۔
آرچ ویل پروڈکشن کی جانب سے بنائی جانے والی سیریز 'ہارٹ آف انوِکٹس' کو دی انوِکٹس گیمز فاؤنڈیشن کی شراکت داری سے تیار کیا جارہا ہے۔ یہ فلم متعدد اقساط پر مشتمل ہوگی۔
انوِکٹس گیمز کیا ہے؟
'انوِکٹس گیمز' ایک بین الاقوامی کھیلوں کا ایونٹ ہے جو خصوصی طور پر زخمی، بیمار اور سابقہ فوجی اہلکاروں کو کھیلوں کی دنیا میں مقابلہ کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
بین الاقوامی کھیلوں کے ایونٹ 'انوِکٹس گیمز' کی بنیاد 2014 میں شہزادہ ہیری نے رکھی تھی۔
شہزادہ ہیری خود بھی اس سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جب کہ وہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی خدمات بھی سر انجام دیں گے۔
پروڈکشن کمپنی 'آرچ ویل' کی جانب سے جاری بیان میں پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ سیریز میں دنیا بھر سے غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقابلہ کرنے والے گروپ کو دکھایا جائے گا جنہوں نے اپنی زندگی کو بدل دینے والے حادثات اور بیماریوں کو ہمت سے مقابلہ کیا۔
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے آن لائن اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے ساتھ ایک معائدہ کیا تھا جس کے تحت وہ نیٹ فلکس کے لیے دستاویزی فلمیں، فیچر فلمیں اور بچوں کے لیے شوز تیار کریں گے۔
SEE ALSO: شہزادہ ہیری کو ذہنی صحت کے امریکی ادارے میں نوکری مل گئیجوڑے نے معروف میوزک پلیٹ فارم 'اسپوٹی فائے' کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ پوڈ کاسٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد امریکی ریاست کیلی فورنیا میں رہائش پذیر شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود روزگار کے مواقع تلاش کریں گے۔
بعد ازاں گزشتہ ماہ مارچ میں ذہنی صحت سے متعلق ایک امریکی ادارے 'بیٹر اپ' کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ برطانوی شہزادہ ہیری ان کے ادارے میں چیف امپیکٹ آفیسر کی حیثیت سے کام کریں گے۔