امریکی نیوی نے ہوائی کے ساحل کے قریب درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کو گرانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بدھ کے روز کیے جانے والے اس تجربے کا مقصد شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کے خطرے کا مقابلہ ہے۔
امریکی نیوی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک امریکی بحری جہاز پر سوار فوجیوں نے جدید دفاعی میزائل نظام کا کامیابی سے تجربہ کیا۔
امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کے ڈائریکٹر لیفٹننٹ جنرل سیم گریویس نے کہا ہے کہ خطرات میں اضافے کے ساتھ ہم بیلسٹک میزائل کو روکنے کی ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
منگل کے روز شمالی کوریا نے ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا جس نے جاپان کی فضا سے پرواز کی تھی۔
یہ شمالی کوریا کی جانب سے میزائل کا تازہ ترین تجربہ تھا۔ اس سے پہلے زیادہ ترمیزائل بحیرہ جاپان میں گرتے رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر ایک بار پھر یہ کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام آپشنز میز پر موجود ہیں ۔
شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان تلخ بیانات کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا نے حال ہی میں مشترکہ فوجی مشقیں کی ہیں۔