انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے ہرا دیا

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے تحت انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیسٹر لی اسٹریٹ میں ہونے والا میچ انگلینڈ نے 119 رنز سے جیت لیا ہے۔ انگلینڈ نے میچ جیتنے کے لئے نیوزی لینڈ کو 306 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 45 اوورز میں 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور نکولس نے کیا جو مثبت ثابت نہیں ہوا۔ ہینری نکولس میچ کی دوسری بال پر ہی بغیر کوئی رنز بنائے ووکس کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

دوسری وکٹ کے لئے بھی انگلینڈ کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور مارٹن کپٹل صرف 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ گرنے کے وقت ٹیم کا اسکور صرف 14 رنز تھا۔

دونوں وکٹس کے بعد پہلے ولیم سن آئے اور پھر راس ٹیلر۔ ولیم سن کو راس ٹیلر نے 27 کے اسکور پر رن آؤٹ کرادیا جبکہ ٹیلر بھی ولیم کی طرح رن آؤٹ ہوئے۔ وہ 28 رنز ہی بناسکے۔

لیتھم اور نیشام نے اسکور کو 4 وکٹ کے نقصان پر 120 رنز تک پہنچایا لیکن 123 رنز پر 5 ویں وکٹ گرگئی جو نیشام کی تھی۔ وہ 19 رنز پر مارک ووڈ کا نشانہ بنے اور کلین بولڈ ہوئے۔

ان کی جگہ کولن ڈی گرینڈہوم آئے لیکن وہ 3 رنز سے زیادہ نہ بناسکے اور اسٹوکس نے انہیں روٹ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ ان کی جگہ سانٹنر بیٹنگ کرنے آئے۔

لیتھم نیوزی لینڈ کے لئے امید کی ایک بڑی کرن تھے لیکن انہیں پلنکیٹ نے 57 رنز پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ کرادیا اور یوں نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ گری۔ آٹھویں وکٹ کے طور پر ساؤتھی بیٹنگ کرنے آئے۔

ٹیم کے اسکور میں صرف دو رنز کے فرق سے یعنی 166 رنز پر سانٹنر آؤٹ ہوگئے۔ ان کا اپنا اسکور 12 رنز تھا۔ انہیں مارک ووڈ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ یہ نیوزی لینڈ کی 8 ویں وکٹ تھی۔ سانٹنر کی جگہ آنے والے نئے بیٹسمین میٹ ہینری تھے۔

میٹ ہینری کو مارک ووڈ نے صرف 7رنز پر بولڈ کردیا۔ ان کی جگہ دسویں اور آخری بیٹسمین ٹرینٹ بولٹ کھیلنے آئے لیکن عادل خان نے 4 رنز پر ہی انہیں آؤٹ کردیا۔ ساؤتھی 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ 305 رنز بناکر آؤٹ:
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 305 رنز بنائے لہذا نیوزی لینڈ کو یہ میچ جیتنے کے لئے 306 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

آج کے میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ اب تک آسٹریلیا اور بھارت سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکے ہیں ۔

انگلینڈ کی اننگز جیسن رائے اور جونی بیرسٹو نے شروع کی اور پہلے اوور میں 9 رنز بنائے جبکہ بعد کے اوورز میں دونوں کھلاڑیوں نے جم کر کھیلا اور اسکور کو 15 اوور سے پہلے ہی 100 کا ہندسہ عبور کرادیا۔

نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے خلاف پہلی کامیابی 123 رنز پر ملی جب نیشام نے 60 کے اسکور پر جیسن رائے کو آؤٹ کردیا۔ ان کی جگہ بیٹنگ کے لئے آنے والے نئے کھلاڑی جوئے روٹ تھے۔

جونی بیرسٹو جارحانہ انداز میں بیٹنگ کررہے تھے اور 80 رنز تک وہ 12 چوکے لگا چکے تھے۔ ادھر جوئے روٹ نے بھی کھل کر شارٹس لگائے۔

30 اوورز مکمل ہوئے تو جونی بیرسٹو سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے جبکہ اگلی ہی بال پر روٹ 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں بولٹ نے آؤٹ کیا۔

194 کے مجموعی ٹیم اسکور پر آؤٹ ہونے والی یہ انگلینڈ کی دوسری وکٹ تھی۔ ان کی جگہ جوس بٹلر نے لی۔

ٹیم کا مجموعی اسکور 206 رنز ہوا تو جونی بیرسٹو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 106رنز بنائے۔ نئے بیٹسمین اوئن مورگن نے ان کی جگہ لی۔

بٹلر کو بولٹ نے 214 رنز کے اسکور پر ولیم سن کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ بٹلر کا اپنا اسکور 11 رنز تھا۔ ان کی جگہ بین اسٹوکس بیٹنگ کرنے آئے۔

مورگن اور بین اسٹوکس آہستہ آہستہ اسکور کے آگے بڑھا رہے تھے کہ 11 رنز پر سانٹنر اسٹوکس کی وکٹ لے اڑے۔

مورگن 42 رنز پر ہینری کا شکار بنے جبکہ ووکس نے نیشام نے 4 رنز پر آؤٹ کردیا۔ آتھویں وکٹ کے طور پر عادل راشد 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں ٹم ساؤتھی نے آؤٹ کیا۔ پلینکٹ 15 اور جوفرا آرچر 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کیلیکن نیوزی لینڈ نے ٹم ساؤتھی اور میٹ ہینری کو دوبارہ ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم
جیسن روئے، جونی بیرسٹو،جاس بٹلر،اوئن مورگن ،جوئے روٹ، بین اسٹوکس، کرس ووکس، عادل راشد، جوفرا آرچر، لیام پلنکیٹ اور مارک ووڈ۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم
مارٹن گپٹل، ہینری نکولس،کین ولیم سن، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمس نیشام،کولن ڈی گرینڈہوم، مچل سانٹنر، ٹم ساؤتھی،میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولٹ ۔