جیو جِٹسو ٹورنامنٹ: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے سونے کا تمغہ جیت لیا

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے میٹاورس کےافتتاح کے موقع پر کہا تھا 'میٹا' یونانی لفظ ہے جس کا مطلب 'اس پار' ہے۔ یہ نام اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ تخلیق کے لیے بہت کچھ ہے۔ اب انہوں نے حال ہی میں اپنی اس بات کو اپنے پہلے 'جیو جٹسو' مارشل آرٹس ٹورنامنٹ میں ثابت کیا جہاں وہ چاندی اور سونے کے تمغوں کے ساتھ فاتحانہ شان سے لوٹے۔

یہ مقابلہ امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے ووڈ سائیڈ ہائی اسکول میں گزشتہ ہفتے 'میٹا' کے سلیکون ویلی ہیڈ کوارٹر کے قریب منعقد ہواتھا۔

مارک زکربرگ نے فیس بک اور انسٹاگرام پر لکھا کہ "اپنے پہلے جیو جٹسو ٹورنامنٹ میں حصہ لے کرگوریلا جیو جِٹسو ٹیم کے لیے کچھ تمغے جیتےہیں۔"

اڑتیس سالہ ٹیک ارب پتی نے پچھلے سال ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انہوں نے کرونا وباکے دوران مارشل آرٹس کے بارے میں جاننا شروع کیا تھا۔

انہوں نے پوڈ کاسٹر جو روگن کو بتایا تھا کہ کھیل کی "بنیادی نوعیت نے ان کی توانائی کی سطح کو بڑھانے اور کام میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کی۔"

زکربرگ نے کوچ ڈیو کیماریلو کے ساتھ تربیت حاصل کی جنہوں نے کئی یو ایف سی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) چیمپئنز کو سکھایا ہے۔

ایم ایم اے کے برعکس برازیلی طرز کا جیو جِٹسو ، لاتیں مارنے یا ضرب لگانے کے بجائے ہولڈز اور کنٹرول کے ذریعے مخالف سے لڑنے پر زور دیتا ہے۔

ہفتے کے روز ہونے والے مقابلوں کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بیشتر ستائشی تبصروں کے ساتھ شئیر کیا گیا۔

'نیو یارک ٹائمز 'کےبیسٹ سیلنگ رائٹر اور سابق ایتھلیٹ مارک سسون نے زکربرگ کےاس طرح کے متنوع مشغلوں کو سراہا جن میں صرف برازیلین جیو-جِٹسو ہی نہیں بلکہ گوشت کو اسموک کرکے پکانا، تیر کمان سے شکارکرنا اور اپنے بچے کو کمر پر بٹھا کر ’پش اپس‘ کرنا بھی شامل ہے۔

ان کے ایک اور کوچ کھائی 'دی شیڈو'وو نے ٹائیکون کو مبارک باد دی۔ وو نے انسٹا گرام پر پوسٹ میں لکھا کہ"کل زکر برگ کا مقابلہ دیکھنا بہت ہی شاندار تھا۔ کوئی بھی میچ آسان نہیں ہوتا اور سب کچھ محنت سے ملتا ہے۔انہیں کوچ کرنے میں مدد کرنا اور جو بھی مشورہ میں دے سکتا ہوں اسے پیش کرنے کے قابل ہونا اعزاز کی بات ہے۔"