مارک گروسمین دورے پر روانہ، پاکستان اور افغانستان بھی جائیں گے

مارک گروسمین

ایمبسڈرگروسمین لندن، جدہ، کابل، اسلام آباد اور برسلزکا دورہ کریں گے

امریکہ کے نمائندہٴ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان، ایمبسڈر مارک گروسمین پیر کے دن لندن، جدہ، کابل، اسلام آباد اور برسلز کے دورے پر روانہ ہوئے۔

دورے کے دوران، وہ جدہ میں انٹرنیشنل کانٹیکٹ گروپ (آئی سی جی) کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے کلیدی ساجھے داروں اور اتحادیوں سے ملاقات کریں گے۔

اِس بات کا اعلان محکمہٴ خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کانٹیکٹ گروپ کا2011ء کا پہلا اجلاس جدہ میں تین مارچ کو ہوگا جس کی میزبانی اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) کرے گی۔ جرمن سفیر مائیکل اسٹائنر کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں تقریباً 50ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

اِس اجلاس کا انعقاد کرکے او آئی سی، اکثریتی مسلمان ممالک کی طرف سے افغانستان اور پاکستان کے لیےدی گئی ضروری امداد کی نشاندہی کرے گی۔آئی سی جی کے ایک تہائی سے زائد شرکا کا تعلق او آئی سی رکن ممالک سے ہوگا۔

افغان وفد کی سربراہی وزیرِ خارجہ رسول کریں گے جب کہ اُس میں اعلیٰ امن کونسل کے چیرمین پروفیسر ربانی شامل ہوں گے۔ حکومتِ پاکستان کے وفد کی سربراہی وزیرِ مملکت برائے وزارتِ خارجہ حنا ربانی کھر کریں گی۔

ایمبسڈر گروسمین وہاں سے لندن جائیں گے جہاں وہ اپنے ہم منصب ایمبسڈر کارن پیرس سے ملاقات کریں گے اور اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

کابل اور اسلام آباد کے دورے میں، ایمبسڈر گروسمین اعلیٰ سرکاری عہدے داروں ، سول سوسائٹی اور مقامی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں وہ افغانستان اور پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات اور دیرپا ساجھے داری کے معاملے پر روشنی ڈالیں گے۔

وہ مکالمے کے عمل کو جاری کریں گے جسے ایمبسڈر ہالبروک نے شروع کیا تھا اوروزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن کی طرف سے ایشیا سوسائٹی کے سامنے 18فروری کو کیے گئے خطاب میں دیے گئے پیغام کا اعادہ کریں گے۔ ایمبسڈر گروسمین کے دورے کا اختتام برسلز میں ہوگا، جہاں وہ نیٹو کی قیادت سےجاری قریبی مشاورت کےعمل کوآگے بڑھائیں گے۔