منڈیلا کی حالت بدستور تشویشناک، صدر زوما کا دورہ منسوخ

کیپ ٹاؤن کے آرچ بشت تھابو ماکگوبا نے منگل کو ملک کے پہلے سیاہ فام صدر کے لیے ’’پرسکون اور بہتر اختتام‘‘ کی دعا کا اہتمام کیا۔
جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا بدستور تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مسٹر منڈیلا کی صحت کے تناظر میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے موزمبیق کا اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والے 94 سالہ جناب منڈیلا کو تین ہفتے قبل پھیپھڑوں میں دوبارہ انفیکشن ہو جانے کے باعث پریٹوریا کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

کیپ ٹاؤن کے آرچ بشت تھابو ماکگوبا نے منگل کو ملک کے پہلے سیاہ فام صدر کے لیے ’’پرسکون اور بہتر اختتام‘‘ کی دعا کا اہتمام کیا۔

مشرقی کیپ صوبے کے گاؤں کونو میں سابق صدر کی آبائی رہائش گاہ پر ان کے عزیز و اقربا مشاورت کے لیے جمع ہوئے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ ملاقات جناب منڈیلا کی بڑی بیٹی نے اپنے والد کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیشِ نظر ’’خاندان کے حساس معاملات‘‘ پر گفتگو کے لیے طلب کی تھی۔

امریکہ کے صدر براک اوباما افریقی براعظم کے سات روزہ دورے کے سلسلے میں جمعہ کو جنوبی افریقہ پہنچ رہے ہیں۔ وہ جزیرہ روبن بھی جائیں گے جہاں جناب منڈیلا تقریباً 20 سال تک قید رہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر اوباما جناب منڈیلا کو اپنے ’ہیروز‘ میں شمار کرتے ہیں۔