نیلسن منڈیلا اسپتال سے گھر منتقل

نیلسن منڈیلا (فائل فوٹو)

95 سالہ سابق صدر کی حالت بدستور ’’تشویشناک ہے اور بعض اوقات بگڑ جاتی ہے‘‘ اور ان کے گھر پر انتہائی نگہداشت کا انتظام کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر نیلسن منڈیلا کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

اتوار کو یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل مسٹر منڈیلا کی اسپتال سے گھر منتقلی کی متضاد اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔

صدر جیکب زوما کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر منڈیلا کو اتوار کو پریٹوریا کے اسپتال سے ان کے گھر جوہانسبرگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ انھیں پھیپھڑوں میں انفیکشن کی شکایت کے بعد آٹھ جون کو اسپتال داخل کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق 95 سالہ سابق صدر کی حالت بدستور ’’تشویشناک ہے اور بعض اوقات بگڑ جاتی ہے‘‘ اور ان کے گھر پر انتہائی نگہداشت کا انتظام کیا گیا ہے۔

نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی علامت سمجھے جانے والے نیلسن منڈیلا ملک کے پہلے سیاہ فام صدر رہ چکے ہیں۔ انھیں امن کے نوبل انعام سے بھی نوازا جا چکا ہے۔