واشنگٹن: ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل سے ایک مسلح شخص پکڑا گیا

واشنگٹن پولیس نے برائن مولز کو بدھ کی صبح سویرے’ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل‘ سے حراست میں لیا۔ یہ ہوٹل وائٹ ہاؤس سے چند ہی بلاک دور ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ایک اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس دوران اُنھیں ایک ہینڈگن، ایک رائفل اور تقریباً 90 کارتوس برآمد ہوئے

صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے واشنگٹن کے ہوٹل میں ایک مہمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب پولیس کو اُن کی موٹر گاڑی سے بندوق اور گولہ بارود برآمد ہوا۔


واشنگٹن پولیس نے برائن مولز کو بدھ کی صبح سویرے’ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل‘ سے حراست میں لیا۔ یہ ہوٹل وائٹ ہاؤس سے چند ہی بلاک دور ہے۔


پولیس نے بتایا ہے کہ ایک اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس دوران اُنھیں ایک ہینڈگن، ایک رائفل اور تقریباً 90 کارتوس برآمد ہوئے۔


پولیس سربراہ، پیٹر نیوشم نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مولز کے بارے میں اُنھیں پنسلوانیا ریاست کی پولیس نے اطلاع دی تھی، جنھوں نے امریکی سیکرٹ سروس سے رابطہ کرکے اُسے اطلاع دی کہ مولز اسلحے کے ساتھ واشنگٹن کا سفر کر رہا ہے۔


نیوشم نے بتایا کہ ابھی تک اُنھیں مولز کے اصل ارادوں کا پتا نہیں چلا۔ لیکن، قانون کے نفاذ سے وابستہ اہل کاروں نے ’’شدید تشویش‘‘ کا اظہار کیا ہے۔

نیوشم نے کہا ہے کہ ’’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ چھان بین جلد مکمل کریں تاکہ اس بات کا پتا لگ سکے کہ اس شخص کے ارادے کیا تھے کہ وہ ہتھیاروں کے ساتھ ڈسٹریکٹ آف کولمبیا پہنچا‘‘۔


مولز نے اپنی کار پیسے دے کر پارکنگ لاٹ کے قریب کھڑی کی تھی، جب کہ باہر سے اسلحہ دکھائی دے رہا تھا۔


بتایا گیا ہے کہ مولز نے پولیس کو بتایا کہ وہ سابق فوجی ہیں اور اُنھیں ’پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس‘ کی بیماری لاحق ہے۔ اُنھوں نے اہل کاروں کو یہ بھی بتایا کہ وہ ٹرمپ کے حامی ہیں۔


سرکاری طور پر پولیس نے اس تفصیل کی تصدیق نہیں کی۔