فلوریڈا: بیٹی، نواسوں کے مبینہ قاتل نے خودکشی کرلی

فائل

پولیس شیرف کے مطابق ڈون اسپرٹ نامی شخص نے 911 پر ٹیلی فون کرکے اپنے گھر میں فائرنگ کی اطلاع دی تھی لیکن جب تک پولیس وہاں پہنچی تو ملزم خود کشی کرچکا تھا۔

امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ایک 51 سالہ شخص نے اپنی بیٹی اور چھ نواسوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق واقعہ فلوریڈا کے شہر گینس ویلے کے نزدیک بیل نامی قصبے میں جمعرات کی شب پیش آیا۔

علاقے کے پولیس شیرف کے مطابق ڈون اسپرٹ نامی شخص نے 911 پر ٹیلی فون کرکے اپنے گھر میں فائرنگ کی اطلاع دی تھی لیکن جب تک پولیس وہاں پہنچی تو ملزم خود کشی کرچکا تھا۔

شیرف کے مطابق گھر میں موجود تمام افراد بھی ہلاک ہوچکے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے سب سے بڑے بچے کی عمر 10 سال ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم ڈون اسپرٹ ماضی میں بھی مختلف پرتشدد جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور ایک بچے سے خوراک اور چھت چھیننے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی بھی ہوچکی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق 2001ء میں ملزم نے اپنے آٹھ سالہ بیٹے کو گولی ماردی تھی جس سے وہ ہلاک ہوگیا تھا۔ ملزم نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ شکار کھیل رہا تھا جب اس سے غلطی سے گولی چل گئی تھی۔

اعترافِ جرم کرنے پر عدالت نے ملزم کو تین سالہ قید کی سزا سنائی تھی۔ قتل کی حالیہ واردات کے محرکات کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے۔