مالی: خودکش حملے میں امن فوج کے متعدد اہلکار ہلاک

فائل فوٹو

اہلکار ہفتے کو اُس وقت ہلاک ہوئے جب گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے کیدل شہر میں اُس بینک کے سامنے دھماکا کر دیا جہاں یہ فوجی حفاظت کے لیے تعینات تھے۔
مالی میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ایک خودکش کار بم حملے میں امن مشن میں شامل کئی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ اہلکار ہفتے کو اُس وقت ہلاک ہوئے جب گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے کیدل شہر میں اُس بینک کے سامنے دھماکا کر دیا جہاں یہ فوجی حفاظت کے لیے تعینات تھے۔

سرکاری طور پر ان ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی گئی اور نا ہی کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

مارچ 2012 میں شدت پسندوں کے بہت سے گروہوں نے ملک کے شمالی حصوں پر قبضہ حاصل کرنے کے لیے یہ اضطراب پیدا کر دیا تھا کہ دارالحکومت بماکو میں فوجی بغاوت ہو گئی ہے۔

لیکن ملک کی حکومت نے رواں سال جنوری میں ملک کے شمالی حصوں میں فرانسیسی فوج کی زیر قیادت کارروائی کر کے شدت پسندوں سے قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا تھا۔

اس فوجی کارروائی کے بعد سے جنگجو کوئی بڑا حملہ نہیں کر سکے تاہم شدت پسند تنظیمیں ملک کے شمال میں اکا دُکا حملے کرتی رہی ہیں۔