مالی اور ہمسایہ ملکوں میں تین روزہ سوگ

مالی کے صدر، ابراہیم ابوبکر کیتا

ہوٹل پر حملے میں ملوث دو مسلح افراد سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے تھے۔ تاہم، بقیہ تین مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کا کام جاری ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا ہوٹل حملے سے تعلق ہے

مالی میں جمعے کو پرتعیش ہوٹل پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں 19 افراد کی ہلاکت پر تین روزہ سوگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

مالی کے درالحکومت، بماکو میں ہونے والی اس دہشت گردی کے خلاف پڑوسی ممالک ماریطانیہ، گنی اور سنیگال میں بھی سوگ منایا جا رہا ہے۔

ہوٹل پر حملے میں ملوث دو مسلح افراد سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے تھے۔ تاہم، بقیہ تین مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کا کام جاری ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا ہوٹل حملے سے تعلق ہے۔

مالی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کرنے والے اداروں کو سات گھنٹے سے زائد ہوٹل کا محاصرہ جاری رکھنے کے دوران کئی شواہد ملے ہیں۔

مالی کے شمالی علاقے میں علیحدگی پسند گروپ کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر حملہ جون میں ہونے والے امن معاہدے کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

اسی ہوٹل میں معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہونے والا تھا، جس کی تیاری جاری تھی۔