ملائیشیا: شمالی کوریا کا شہری رہا

ملائیشیا نے کم جونگ نام کی ہلاکت کے واقعہ کے شبہے میں گرفتار کیے گئے شمالی کوریا کے شہری کو رہا کر دیا ہے۔

شمالی کوریا کے راہنما کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کو 13 فروری کو ملائیشیا میں کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر ’زہریلے مواد‘ سے حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

اس واقعہ کے بعد شمالی کوریا کے شہری 45 سالہ ری جونگ چول کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اب اُنھیں رہا کر دیا گیا اور ری جونگ چول کو جمعہ کو شمالی کوریا بدر کیا جا رہا ہے۔

ملائیشیا کے حکام نے بتایا تھا کہ ری جونگ چول کو مزید حراست میں رکھنے کے لیے شواہد نہیں تھے، اس لیے اُسے رہا کیا جا رہا ہے۔

ملائیشیا کی ایک عدالت نے بدھ کو انڈونیشیا اور ویتنام سے تعلق رکھنے والی دو مشتبہ خواتین پر شمالی کوریا کے راہنما کے سوتیلے بھائی کے قتل کی فرد جرم عائد کی تھی۔

جن خواتین پر فرد جرم عائد کی گئی اُن میں سے ڈوان تھی اونگ نامی خاتون کا ویتنام جب کہ سری عائشہ کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔

شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی پر کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر زہریلے مواد ’وی ایکس‘ سے حملہ کیا گیا اور ملائیشیا میں عہدیداروں کے مطابق اس حملے کے بعد 15 سے 20 منٹ میں کم جونگ نام کی ہلاکت ہوئی۔

ہوائی اڈے پر لگے نگرانی کے کیمرے ’سی سی ٹی وی‘ کی فوٹیج کے مطابق دو خواتین کم جونگ نام کے چہرے پر کچھ مواد لگاتے ہوئے نظر آئیں۔