ایشین گیمز ہاکی: دفاعی چیمپئن بھارت کو اپ سیٹ شکست

بھارت کے ہرمن پریت سنگھ نے کھیل کے 33 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر بال گول میں پھینک کر ٹیم کو ایک۔صفر کی برتری دلا دی۔ لیکن، یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 39 ویں منٹ میں ملائیشیا کے فیصل ساری نے گول کرکے میچ ایک۔ایک گول سے برابر کر دیا

ایشین گیمز ہاکی کے پہلے سیمی فائنل میں ملائیشیا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ مقررہ وقت تک میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد ملائیشیا نے بھارت کو 7-6 سے ہرا کر گولڈ میڈل کی ڈور سے باہر کر دیا۔

میچ کا آغاز تیز رفتاری کے ساتھ ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کئے۔ لیکن کسی کو کامیابی نہ ملی۔ یوں پہلے دو پیریڈز میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

بھارت کے ہرمن پریت سنگھ نے کھیل کے 33 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر بال گول میں پھینک کر ٹیم کو ایک۔صفر کی برتری دلا دی۔ لیکن، یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 39 ویں منٹ میں ملائیشیا کے فیصل ساری نے گول کرکے میچ ایک۔ایک گول سے برابر کر دیا۔

اگلے ہی منٹ میں بھارت کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور جس پر ورون کمار نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔

ایک بار پھر خسارے میں جانے کے باوجود ملائیشیا کے کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری اور حریف ٹیم کے گول تابڑ توڑ حملے کیے، جس کے نتیجے میں59 ویں منٹ میں ملائیشیا کو پنالٹی کارنر ملا اور محمد عبدالرحیم رازی نے بغیر کوئی غلطی کیے گیند گول میں پھینک کر میچ ایک بار پھر 2-2 سے برابر کردیا۔

مقررہ وقت تک مقابلہ دو، دو سے برابر رہنے میں میچ کیا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جس میں انتہائی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری کی سر توڑ کوشش کی۔ لیکن جیت ملائیشیا کا مقدر بنی اور ملائیشین کھلاڑیوں نے اپنے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے یہ بڑا مقابلہ 7-6 سےاپنے نام کرکے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

گروپ میچز میں اچھے کھیل کے باوجود سیمی فائنل میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست پر بھارتی شائقین نے ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے میچ کے نتیجے کو ناقابل یقین قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ کسی سانحے سے کم نہیں، دفاعی چیمپئن بھارت کو اب برانز میڈل کے لئے میچ کھیلنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت نے سیمی فائنل سے پہلے اپنے تمام گروپ میچز میچز میں کامیابی حاصل کی تھی اور مجموعی طور پر 76 گول کیے تھے، جبکہ اُس کے خلاف صرف تین گول بنے۔ دفاعی چیمپئن نے ہانگ کانگ کے خلاف 26-0، انڈونیشیا کے خلاف 17-0، سری لنکا کے خلاف 20-0 اورجاپان کے خلاف 8-0 سے کامیابی حاصل کی تھی، ایونٹ میں جنوبی کوریا واحد ٹیم تھی جس نے بھارت کے خلاف گول اسکور کیے۔ بھارت نے جنوبی کوریا کو 5-3سے زیر کیا تھا۔