ملالہ کی صدر اوباما اور امریکی خاتونِ اول سے ملاقات

ملالہ کی جراٴت اور عزم کی تعریف کےحوالے سے، اُنھوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں امریکہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے بیشمار لوگوں کی امنگوں کی ترجمانی میں برابر کا شریک ہے
صدر براک اوباما اور امریکی خاتون اول، مشیل اوباما نے جمعہ کو اوول آفس میں ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کی اور پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کے سلسلے میں ملالہ کی سچی لگن اور قابل تقلید جذبے کے ساتھ کی جانے والی کوششوں پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بات وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں کہی گئی ہے۔

پریس رلیز کے مطابق، اوول آفس آنے پر صدر اور امریکی خاتونِ اول نےملالہ یوسفزئی کا خیر مقدم کیا۔

ملالہ کی جراٴت اور عزم کی تعریف کےحوالے سے، اُنھوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں امریکہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے بیشمار لوگوں کی امنگوں کی ترجمانی میں برابر کا شریک ہے، جو ملالہ تمام بچیوں کو اسکول میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کے حق کو سر بلند کرنے کے لیے کر رہی ہیں۔

امریکی خاتونِ اول نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے کام کی حمایت کرنا نہ صرف ہماری بیٹیوں اور اُن کی بچیوں کے لیے، بلکہ اُن کے خاندانوں، برادریوں اور اُن کے ممالک کے لیے ایک بہترین خدمت ہوگی۔

صدر نے کہا کہ آج بچیوں کا بین الاقوامی دِن منایا جارہا ہے، جسے عالمگیر طور پر منانے کا مقصدیہ ہے کہ اگر ہم لڑکیوں کو اپنی تقدیر روشن کرنے کے موقعے کی آزادی فراہم کریں، تو ایک دِن وہ دنیا بھر کی بیٹیاں اپنے ملکوں کی قیادت کرتے ہوئے نظر آئیں گی۔

’اور یہ کہ ہر براعظم میں، ایسی بیٹیاں موجود ہیں، جن کو اگر ہم یہ آزادی دیں تا کہ وہ اپنے خوابوں کی تعبیر کی جستجو کر سکیں، تو وہ دنیا کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس کا ہم شاید ہم تصور بھی نہ کرسکیں‘۔

صدر اوباما نے کہا کہ اِن امنگوں کو پروان چڑھانے کے سلسلے میں ملالہ کی کوششوں پر، اُن کو سلام پیش کرتے ہیں۔