میڈونا کا ملالہ کو خراجِ تحسین

بدھ کی شب لاس اینجلس کے اسٹپلز سینٹر میں ہونے والی ایک محفلِ موسیقی میں میڈونا نے اپنا ایک گانا ملالہ یوسف زئی کے نام کیا
دنیائے موسیقی کی معروف گلوکارہ میڈونا نے پاکستان کی چائلڈ ایکٹوسٹ ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیےاپنا ایک گانا ان کے نام کیا ہے۔

پاکستان کی اِس 14برس کی بچی کو دو روز قبل سوات کے شہر منگورہ میں طالبان نےگولی مار کر زخمی کردیا تھا جس کےبعد وہ بیہوشی کی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔

ملالہ نے 11 برس کی عمر میں بی بی سی کے لیے ایک ڈائری لکھنا شروع کی جس میں پاکستان کی وادی سوات میں طالبان کے ہاتھوں لڑکیوں کے اسکولوں کو تباہ کرنے کی کوششوں کا کھل کر ذکر کیا۔

میڈونا ہمیشہ ہی دنیا کی ایسی شخصیات کی قدردانی کرتی ہیں جنھوں نے عالمگیر اقدار کے فروغ کے لیے اپنے آپ کو وقف کیا ہے۔

میڈونا نے حال ہی میں روس کے اس معروف ’ پَنک میوزک‘ گروپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا جو تین نوجوان روسی خواتین پر مشتمل ہے۔ اِس روسی میوزک گروپ نے پچھلے سال صدارتی انتخابات میں پیوٹن کے خلاف ایک گانا گایا تھا جس کی پاداش میں اِن خواتین کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

میڈونا نے صدر براک اوباما کے دوبارہ انتخاب کی حمایت کرتے ہوئے اپنے جسم پر ایک ’ٹیٹو‘ بھی کندہ کیا ہے۔

اپنے تازہ بیان میں معروف پاپ سنگر نےطالبان پر نکتہ چینی کی ہے۔ دس اکتوبر کو لاس اینجلس کے اسٹپلز سینٹر میں ہونے والی ایک محفلِ موسیقی میں میڈونا نے ایک گانا ملالہ یوسف زئی کے نام کیا۔

میوزک کنسرٹ میں اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے میڈونا نےکہا کہ ملالہ پر گولی چلنے کے واقعے کا سن کر اُن کی آنکھیں بھر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ نے ایک بلاگ میں خواتین کی تعلیم کی ضرورت اجاگر کی تھی، اور تعلیم ِنسواںٕ کے خلاف کام کرنے والوں پر نکتہ چینی کی تھی، جِس کی پاداش میں طالبان نے منگورہ میں چلتی بس کو روکا اور اُن پر گولیاں برسائیں۔ میڈونا نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ" آپ سوچیے کہ یہ بات کتنی وحشت ناک ہے؟"

کنسرٹ کے لیے جمع لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے میڈونا نے کہا: "تعلیم کی حمایت کیجیے۔ خواتین کی حمایت کیجیے۔"

بعد ازاں محفلِ موسیقی میں میڈونا نےاپنے مداحوں کو اپنے جسم پر کندہ 'ملالہ' نام کا ٹیٹو دکھایا جو سیاہ رنگ کی سیاہی سے اُن کی پیٹھ پر نقش تھا۔ میڈونا نے کہا، "دِس سونگ از فار یو، ملالہ!" اور پھر معروف پاپ سنگر نے 'ہیومن نیچر' کے عنوان سے گانا گاکر مداحوں سے داد وصول کی۔