کرسمس کے موقع پر لندن میں ٹریفک کا دباؤ

ہیھترو ایرپورٹ پر مسافروں کا ہجوم (فائل)

لندن ٹرانسپورٹ نے اس سال بھی مسافروں کے لیے31 دسمبرکی رات گیارہ بج45 منٹ سے لے کر پہلی جنوری کی صبح تک بسوں ،ریل،ٹرام اور ٹیوب کا سفر بلا معاوضہ کر دیا ہے۔
کر سمس کی آمد آمد ہے ۔برطانیہ میں سرکاری دفاتر اوراسکول کالجوں میں کرسمس کی تعطیلات کا آغاز ہو چکا ہے ۔ ایسے میں وہ برطانوی شہری جو کرسمس کا مذہبی تہوارشہر سے باہراپنے عزیزواقارب کے ساتھ منانا چاہتے ہیں، لمبی لمبی قطاروں میں ائر پورٹس ،ٹیوب اسٹیشنوں اور بس اسٹاپس پر انتظار کرتے نظر آئیں گے ۔ جبکہ کار اور وین ڈرائیورں کو شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام کا سامنا کرنا ہو گا۔

یہ ہم نہیں گذشتہ روز جاری ہونے والے لندن ٹرانسپورٹ سروس کے اعداد وشمار بتا رہے ہیں۔ ہیتھرو ائر پورٹ لندن برطانیہ کا سب سے مصروف اوردنیا کا تیسرا اہم اور مصروف ترین ائرپورٹ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق جمعہ 21 دسمبر سے ہفتہ 22 دسمبرکے دوران تقریبا 4 ملین مسافرہیتھرو ائرپورٹ سے پرواز کریں گے۔ صرف جمعہ کے روز ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار بتائی گئی ہے، جبکہ ہفتے کو ایک لاکھ 14 ہزار اور کرسمس کے روز 88 ہزار مسافر ہیتھرو ائر پورٹ سے ہوائی سفر پر روانہ ہوں گے۔ اسی طرح دنیا کے دیگر مصروف ائیر پورٹس میں دبئی ،جنیوا اور نیو یارک کا شمار کیا جارہا ہے جہاں کرسمس سے قبل آخری ویک اینڈ پر سب سے زیادہ ائیر ٹریفک ہوگا۔

لندن شہر اپنی تیز رفتار انڈرگراؤنڈ ٹیوب اور ریل کے منظم نظام کی بدولت دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔تاہم کرسمس کی چھٹیوں کا آغاز ہوتے ہی معمول سے زیادہ مسافروں کی آمدورفت کی وجہ سے بہت سی گاڑیاں تاخیر کا شکار ہیں۔

ٹیوب کے مسافروں کے لیے سفر کا آغاز گو اتنا اچھا نہیں رہے گا اور صرف پہلے سے ٹکٹ بک کرنے والے ہی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ کرسمس کے اگلےدن جسے باکسنگ ڈےکہا جاتا ہے، شہر بھر کی ساری دوکانوں پر سال کی سب سےبڑی سیل لگائی جاتی ہے۔ مگر اس روز لندن ٹیوب ڈرائیوروں کی ممکنہ ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کی سفری مشکلات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

بس کوچ سروس انتظامیہ کے لیے یہ سال کا سب سے مصروف ویک اینڈ ہوگا۔ جہاں اضافی بسوں کے ساتھ کرایہ میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔نیشنل کوچ سروس کے ذرائع کے مطابق ان کی سروس باکسنگ ڈے پر اپنے فرائض دس ہزار اضافی سیٹوں کے ساتھ انجام دے گی۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق18 ملین گاڑیاں صرف جمعہ کے روز شاہراہوں پر نظر آئیں ۔ اس کے علاوہفتے کے روزڈرائیوروں کو موسم کی خرابی کے ساتھ ساتھ بد ترین ٹریفک جام کا سامنا کرنا ہو گا۔

لندن ٹرانسپورٹ نے اس سال بھی مسافروں کے لیے31 دسمبرکی رات گیارہ بج45 منٹ سے لے کر پہلی جنوری کی صبح تک بسوں ،ریل،ٹرام اور ٹیوب کا سفر بلا معاوضہ کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اس سال لندن کے لیے وہائٹ کرسمس کے بجائے گیلی گیلی اوربھیگی بھیگی کرسمس کی پیشن گوئی کی ہے۔