لنکن کارنر: پاکستانیوں کیلئے امریکہ کو جاننے کا جدید پلیٹ فارم

منتظمین کا کہنا ہے کہ "کارنرز میں دستیاب لیکچرز میں 'شیئر ڈاٹ امریکہ' اور 'وائس آف امریکہ' کے انگریزی کے خصوصی لیکچر سیکھنے والوں کی معلومات میں اضافے کا اہم ذریعہ ہیں'

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو ایک خوشگوار رخ دینے کیلئے امریکہ کی جانب سے پاکستان میں لنکن کارنرز کے نام سے ایسے مراکز قائم کئےگئے ہیں جن میں پاکستانی امریکی ثقافت، زبان، تعلیم، طرز زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی ڈھائی کروڑ سے زائد انسانوں کا مسکن ہے۔ جہاں اس وقت دو لنکن کارنرز طالبعلموں کی توجہ کھینچ رہے ہیں۔ کراچی کا دوسرا لنکن کارنر 'لیاقت لائبریری' میں قائم کیا گیا ہے، جسکا افتتاح کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تعلیم کے ذریعے پاکستانی اور امریکی عوام کو قریب لانےکی ان کوششیں کا ذکر کیا، جو امریکی حکومت کر رہی ہے تاکہ ’’دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے"۔

اس سے قبل شہر کا پہلا لنکن کارنر گزشتہ برس 'پاکستان امریکن کلچرل سینٹر' میں بنایا گیا تھا۔ کلچرل سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد ندیم نے وی او اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "لنکن کارنر ایک ایسا ریسورس سینٹر ہے جو امریکہ کی صحیح تصویر منفرد انداز میں پاکستان میں پیش کر رہا ہے، چاہے وہ امریکہ کی تعلیم، کلچر یا لائف اسٹائل ہو۔ ارشد ندیم کے بقول، "عوام کے عوام سے رابطے میں لنکن کارنرز ایک اچھا کردار ادا کر رہے ہیں"۔

کراچی

عمران پیشے کے لحاظ سے استاد ہیں اور باقاعدگی سے لنکن کارنر آتے ہیں۔ پاکستان میں، ان کے بقول "میرٹ پر فیصلے نا ہونے کی وجہ سے لوگ بیرون ملک سفر اور مواقعوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس لئے انھیں کہیں بھی کوئی معلومات ملے۔۔ کوئی اچھا چانس مل جائے تو لنکن کارنر جیسے پلیٹ فارم بہت مدد کرتے ہیں"۔

عمران کہتے ہیں کہ "امریکی خود بھی یہاں آکر کسی نہ کسی عنوان پر گفتگو کرتے ہیں۔ آپ ان سے اپنے خیالات شیئر کر سکتے ہیں اور وہ مسکرا کر جواب بھی دیتے ہیں"۔

کراچی کے ایک طالبعلم جتیندر کا کہنا تھا کہ، "لنکن کارنر آنےوالے اسکول اور کالج کے طابعلم یہاں موجود کتابوں اور میگزین کے ذریعے امریکی لائف اسٹائل کے بارے میں پڑھنا اور جاننا چاہتے ہیں کہ امریکہ اور پاکستان میں کیا فرق ہے؟ اور کیوں امریکہ دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔۔۔۔ وہاں کیا اصول زندگی ہیں۔۔۔ اور لوگ کیسے رہتے ہیں وغیرہ وغیرہ"۔

کراچی کے لنکن کارنر کا ایک منظر، نوجوانوں کا کہنا ہے یہاں کا موحول اسے دوسری لائبریریوں سے مختلف بناتاہے

عاقب ٹیلی کمیونکشن کےطالبعلم ہیں وہ کہتے ہیں"امریکہ پاکستان میں طالبعلموں کیلئے مواقعے پیدا کر رہا ہے۔ یہاں ہم کئی بار امریکہ میں تعلیم کے بارے میں معلومات لیتے ہیں۔ ان کی کتابوں کو آن لائن پڑھتے ہیں"۔

لیاقت لائبریری میں قائم ہونےوالے لنکن کارنر کےبارے میں ترجمان انعم عروج کا کہنا تھا کہ "شہر کی سب سے مشہور لائبریری کے احاطے میں قائم ہونے والے لنکن کارنر میں روزانہ 80 سے 100 افراد آتے ہیں جس میں ایک بڑی تعداد طالبعلموں کی ہے جواپنی یونیورسٹی ختم ہونےکےبعد لنکن کارنر کا رخ کرتے ہیں ۔ اعلی تعلیم کیلئے مختلف قسم کی مدد اور معلومات حاصل کرنے کا یہ ایک اچھا ذریعہ ہے"۔

کارنر کا دوسرا دلچسپ پہلو، انعم کے بقول، یہ ہے کہ یہاں کا ماحول عام لائبریریوں سے کافی مختلف ہے۔ لوگ اچھے ماحول میں اپنے من پسند رسالے پڑھ سکتے ہیں، کمپیوٹر پر آن- لائن ایجوکیشن لےسکتے ہیں۔ ’’ہمارے پاس کل چالیس کے لگ بھگ جدید امریکی رسالے موجود ہیں جو خصوصی طور پر امریکی طرز زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ دوسری جانب یہاں کے وزیٹرز ای- میلز کے ذریعے نا صرف اپنا تجربہ شیئر کرتے ہیں، بلکہ امریکہ کےبارے میں ان کے جو خیالات ہیں اس سے آگاہ بھی کرتے ہیں۔

لیاقت لائبریری میں قائم لنکن کارنر کے ڈائریکٹر بشیر ابڑو کا کہنا تھا کہ " لیاقت لائبریری میں لنکن کارنر قائم ہونے سے نوجوانوں میں جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ نوجوانوں کی آمد اور کتاب پڑھنے کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ یہاں ہونےوالی ورکشاپ،

کراچی لنکن کارنر

لیکچرز اور مختلف سیشن اور انگریزی کی کلاسیں نوجوانوں کی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں"۔

بشیر ابڑو کے مطابق "امریکن آن- لائن لائبریری تک رسائی اندرون سندھ سے آنےوالے طالبعلموں کیلئے خاص طور پر مفید ہے۔ اور شہر کی دیگر لائبریریوں کیلئے ایک مثال ہے کہ اگر ایسا لائبریری نظام پاکستان میں اپنا لیاجائے تو پڑھنے کے رجحان میں اضافہ ہوسکتاہے"۔

انگریزی زبان کی مفت تعلیم کی فراہمی

لنکن کارنرز میں آن- لائن تعلیم کے ساتھ سب سےزیادہ طلب انگریزی زبان کے کورسز اور مفت کلاسوں کی ہے۔ یہاں انگریزی زبان کی ہفتہ وار کلاسز بھی منعقد کروائی جا رہی ہیں۔

لنکن کارنر میں انگریزی کورسز

انگریزی کے آن لائن لیکچرز میں 'شیئر ڈاٹ امریکہ' اور 'وائس آف امریکہ' کے خصوصی لیکچر، انگریزی کے سیکھنےوالوں کے لئے اضافی مدد کا باعث ہیں۔

'لنکن کارنرز' کیا ہیں؟

پاکستان کے مختلف شہروں میں امریکی قونصل خانوں اورحکومت کے اشتراک کے ساتھ قائم ہونے والے یہ 'لنکن کارنرز' معلومات کا جدید پلیٹ فارم ہیں جو امریکہ کے سولہویں صدر ’ابراہم لنکن' کے نام سے منسوب کئےگئے ہیں۔

لنکن کارنر میں طلبہ کو اسکے بارے میں تفصیل سے متعارف کرایاجارہاہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں 700 لنکن کارنر فعال ہیں۔ایک زمانے میں یہ لنکن کارنرز پاکستان میں ' امریکن سینٹرز' کے نام سے کام کرتے تھے جو امریکی قونصلیٹ میں قائم تھے ۔

کراچی سمیت پاکستان کے 18 لنکن کارنرز

پاکستان بھر میں اس وقت تک اٹھارہ لنکن کارنر کام کر رہے ہیں اسلام آباد میں پانچ، لاہور میں چار، پشاور میں دو، گلگت میں ایک، اور سندھ میں پانچ ہیں، جن میں لاڑکانہ، خیرپور، حیدرآباد کے ایک ایک سینٹر کے علاوہ کراچی میں دو لنکن کارنر قائم ہیں۔

لنکن کارنرز کا ڈیزائن اور اسٹرکچر امریکی ریاست کا عکاس

کراچی میں قاَئم دو لنکن کارنرز کا اسٹرکچر، اور دیواروں پر آویزاں پینٹنگز، مشہور امریکی شخصیات و عمارات کی عکاسی کرتی نظر آتی ہیں جن میں وائٹ ہاؤس اور مجسمہ آزادی کی عمارتیں اور باکسنگ کے کنگ محمد علی، اسٹیو جابز سمیت دیگر اہم امریکی شخصیات کے اسکیچز شامل ہیں۔

ای- لائبریری کیا ہے؟

لنکن کارنر میں موجود ای- لائبریری ایک ایسا آن لائن پلیٹ فارم ہے جو 'ای- لائبریری یو ایس اے' کے نام سے بنایا گیا ہے۔ یہاں آنے والے، لنکن کارنرز کے کمپیوٹر سسٹم اور لیپ ٹاپ کے ذریعے اس لائیبریری تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ جہاں 40 ہزار سے زائد آن لائن میگزین، امریکی پبلیکشنز جرنلز، کئی ہزار ای بکس اور ملٹی میڈیا ویڈیوز موجود ہیں۔