لبنان: نجیب میقاتی وزیر اعظم بن گئے

لبنان: نجیب میقاتی وزیر اعظم بن گئے

لبنان کے صدر نے ایسے میں حزب اللہ کے حمایت یافتہ امیدوار نجیب میقاتی کو وزیر اعظم مقرر کیا ہے جب کہ شیعہ ملیشیا کے بڑھتے ہوئی سیاسی اثرورسوخ کے خلاف منگل کے روز ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

صدر مائیکل سلیمان کے دفتر نے اعلان کیا کہ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے ان کا انتخاب مسٹر میقاتی ہیں۔

لبنانی قانون سازوں کی ایک بڑی اکثریت نے، جس کے پاس 128 رکنی پارلیمنٹ میں 68 نشستیں ہیں، قائمقام وزیر اعظم سعد حریری کے متبادل کے طورپر مسٹر میقاتی کی حمایت کے حق میں ووٹ دیے ، جب کہ مسٹرسعدحریری کو باقی ماندہ 60 ووٹ ملے۔

اسی دوران حزب اللہ کے خلاف ان کے سنی حریفوں کے مظاہرے پر تشدد ہوگئے۔

مسٹر حریری کے ہزاروں حامی ترپیولی میں اکٹھے ہوئے ۔

مشتعل مظاہرین نے الجزیرہ نیوز چینل کے ایک ٹرک پر حملہ کرکے اسے آگ لگادی ۔انہوں نے مسٹر میقاتی کی تصویریں بھی نذر آتش کیں۔

ایک اور خبر کے مطابق مظاہرین نے ٹائرجلائے اور اپنے پرچم لہرائے۔ شام کے وقت مزید مظاہروں کی بھی اطلاع ہے۔

مسٹر حریری کی حکومت کو مغرب کی حمایت حاصل تھی۔ پیر کے روز انہوں نے کہا کہ وہ حزب اللہ کے حمایت یافتہ امیدوار کی نئی حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔