لبنان میں مخلوط حکومت تحلیل

لبنان میں مخلوط حکومت تحلیل

تیس اراکین پر مشتعل کابینہ میں سے گیارہ نے بدھ کو اقوام متحدہ کے جانب سے تشکیل دئیے گئے ٹرابیونل کے خلاف احتجاج میں اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ ٹرابیو نل سن 2005میں ملک کے سابق وزیراعظم رفیق ہریری کے قتل کی تحقیق کے لئے قائم کیا گیا تھا ۔

لبنان میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے اراکین کی جانب سے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد وہاںمخلوط حکومت تحلیل ہو گئی ہے ۔

تیس اراکین پر مشتعل کابینہ میں سے گیارہ نے بدھ کو اقوام متحدہ کے جانب سے تشکیل دئیے گئے ٹرابیونل کے خلاف احتجاج میں اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ ٹرابیو نل سن 2005میں ملک کے سابق وزیراعظم رفیق ہریری کے قتل کی تحقیق کے لئے قائم کیا گیا تھا ۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس سے لگتا ہے کہ ٹرابیونل قتل کے لئے حزب اللہ کو ذمہ دارٹھہرانے والا ہے۔

لبنان میں سیاسی پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک کے وزیراعظم سعد ہریری نے واشنگٹن میں ایک ملاقات کے دوران امریکی صدر براک اوباما سے سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ ملاقات کے بعد سعد ہریری فرانس کے صدر نکولاس سارکوزی سے ملاقات کے لئے پیرس روانہ ہوگئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے فرانس ، سعودی عرب اور دوسری طاقتوں کی جانب سے کی جانے والی ان کوششوں کے بارے میں بات چیت کی ہے جن کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ٹرابیونل بغیر کسی رکاوٹ اپنا کام جاری رکھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما نے اس ٹرابیونل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں سزا کےخوف کےبغیرسیاسی قتل کا دور ختم ہونا چاہیے۔

حزب اللہ اس الزام کو مسترد کرتا ہے کہ وہ رفیق ہریری کے قتل میں ملوث ہے۔بدھ کو حزب اختلاف کے رکن جبران باصل نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے تحقیقاتی ٹرابیونل کو اسرائیلی منصوبہ قرار دیا۔

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے استعفوں پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے اندر کچھ قوتیں اور بیرون ملک مفاد پرست انصاف میں روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے کہا ہے کہ امریکہ لبنان کی امداد جاری رکھے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک کوانصاف اور استحکام کی ضرورت ہے حزب اللہ نے غلط راستہ چنا ہے۔

شام اور سعودی عرب ایک روز قبل دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان تصفیہ کروانے میں ناکام ہو گئے تھے۔