لبنان: ابوبکر البغدادی کی اہلیہ اور بچہ حکام کی تحویل میں

البغدادی

لبنان کے روزنامہ "السفیر" میں شائع شدہ خبر کے مطابق فوج نے ان دونوں کو " غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں" کی مدد سے تحویل میں لیا۔"

لبنان کی فوج نے دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی اہلیہ اور بچے کو تحویل میں لیا ہے۔

حکام کے مطابق منگل کو خاتون اور بچے سے لبنان کی وزارت دفاع میں پوچھ گچھ کی گئی۔ انھیں تقریباً دس روز قبل شام کی سرحد کے قریب سے تحویل میں لیا گیا تھا۔

لبنان کے روزنامہ "السفیر" میں شائع شدہ خبر کے مطابق فوج نے ان دونوں کو " غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں" کی مدد سے تحویل میں لیا۔"

ابوبکر البغدادی 2010ء سے دولت اسلامیہ کی قیادت کرتا چلا آرہا ہے اور رواں سال ہی اس گروپ کی طرف سے شام اور عراق کے مختلف علاقوں پر قبضے کے بعد اس نے وہاں خلافت کا اعلان کردیا تھا۔

امریکہ نے اسے عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔

دولت اسلامیہ کے خلاف امریکہ کی زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد فضائی کارروائیاں بھی کرتا آرہا ہے جس کی وجہ سے شدت پسندوں کو کئی علاقوں سے پیچھے دھکیلنے میں بھی مدد ملی ہے۔