'وہی پرانی کہانی، کچھ نہیں بدلا'

لاہور قلندرز پی ایس ایل کے پچھلے سیزنز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی ملتان سلطانز کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست پر سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

شائقین ایک بار پھر اچھے آغاز کے باوجود اچانک وکٹیں گرنے کے عمل کو لاہور قلندر کی پرانی روایت قرار دے رہے ہیں۔ لاہور قلندرز نے پانچ اوورز میں پچاس سے زائد رنز بنا لیے تھے، لیکن اس کے بعد تسلسل کے ساتھ وکٹیں گرتی رہیں۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں صرف 138 رنز بنا سکی۔ جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف با آسانی پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پانچویں سیزن کے آغاز پر لاہور قلندر کی پہلے ہی میچ میں شکست پر شائقین سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لاہور قلندر کے مالک رانا فواد کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لاہور قلندر کو سپورٹ کرنے کی وجہ صرف یہ شخص ہے۔

زلمی نامی صارف نے بھی دلچسپ ٹوئٹ کی ہے جس میں لاہور قلندرز کی مسلسل ناکامیوں کو تجربے میں اضافہ قرار دیا ہے۔


صادق نامی صارف نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کچھ نہیں بدلا یار آج بھی سب ویسے کا ویسا ہی ہے۔

لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد کے میچ کے دوران تاثرات بھی لاہور قلندرز کی مقبولیت میں اضافے کا سبب رہے ہیں۔ لیکن پاکستان کے دوسرے بڑے شہر کی یہ ٹیم ہر سال تبدیلیوں کے باوجود کسی بھی سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے سے قاصر رہی ہے۔