لاہور: لذیذ کھانوں کے ساتھ تاریخی مقامات کے نظارے
فوڈ اسٹریٹ ٹکسالی گیٹ کے علاقے میں فورٹ روڈ پر قائم ہے۔ اس فوڈ اسٹریٹ میں آنے والوں کو متوجہ کرنے کے لیے تفریح کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
فوڈ اسٹریٹ پر قائم تاریخی گھروں کی تزئین و آرائش خصوصی طور پر کی گئی ہے۔ قدیم جھروکے اپنی اصل حالت میں بحال کیے گئے ہیں۔
تاریخی مکانات و عمارات میں قائم ریستورانوں کے کمروں، برآمدوں اور چھتوں پر سیاحوں کو روایتی کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔
فورٹ روڈ پر قائم ان گھروں کی تزئین و آرائش کی ذمہ داری والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ہے جو تاریخی علاقوں میں مختلف ایونٹس بھی منعقد کرتی ہے۔
فوڈ اسٹریٹ کی خاص ڈشز میں توّا چکن اور مکھنی کڑاہی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں دیگر کئی خوش ذائقہ کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔
سیاحوں کی پسند کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہاں گولا گنڈے کے اسٹالز بھی موجود ہیں۔
ان ریستورانوں کی بالکنیوں اور چھتوں سے متصل قدیم بادشاہی مسجد کا نظارہ بھی کیا جا سکتا ہے جسے مغل بادشاہ اورنگزیب نے سن 1671 میں تعمیر کرایا تھا۔
فوڈ اسٹریٹ میں بچوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سائیکل رکشہ پر سیر بھی کرائی جاتی ہے۔
اندرونِ و بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے پتلی تماشہ بھی پیش کیا جاتا ہے۔
ریستورانوں میں تبدیل ہوجانے والے تاریخی گھروں کے دروازوں اور کھڑکیوں کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا گیا ہے۔
فوڈ اسٹریٹ میں سیاحوں کے لیے تاریخی نوادرات کی ایک دکان بھی قائم ہے۔
مغل دور میں تعمیر کردہ بادشاہی مسجد سے متصل مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سمادھی بھی قائم ہے جو ان ریستورانوں سے دیکھی جا سکتی ہے۔
فوڈ اسٹریٹ پر سیاحوں کے لیے ہینڈی کرافٹس کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
فوڈ اسٹریٹ میں بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے بندر اور بکری کا تماشہ بھی پیش کیا جاتا ہے۔