نامور پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا کو بل بورڈ میگزین کی طرف سے 'وومن آف دا ائیر' نامزد کیا گیا ہے۔ انھوں نے حال ہی میں اپنے ایک گانے کے ذریعےجنسی تشدد کےمسئلےکو اجاگر کیا ہے۔
میگزین کی ویب سائٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ، موسیقار اور اداکارہ لیڈی گاگا کو دسمبر میں نیویارک میں ہونے والی ایک موسیقی کی تقریب میں 'بل بورڈ وومن آف دا ائیر' کے اعزاز سے نوازا جائے گا، جب کہ گزشتہ برس یہ اعزاز ٹیلر سوئفٹ نے جیتا تھا۔
29سالہ لیڈی گاگا کا اصل نام اسٹیفنی جونین اینجلینا جرمانوٹا ہے لیکن وہ اپنے اسٹیج کے نام لیڈی گاگا سے شہرت رکھتی ہیں، انھوں نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ بل بورڈ کی طرف سے وومن آف دا اائیر ک اعزاز پانے پر ان کی شکر گزار ہیں۔
لیڈی گاگا جو اپنی مسحور کن آواز، میوزک اور فیشن خاص طور پر بھڑکیلے طرز کے ملبوسات پہننے کے لیے معروف ہیں۔ اس سے قبل 6 بار گریمی ایواڈ جیت چکی ہیں۔
انھیں ان کے سماجی کاموں کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے، جب کہ ان کا نام فوربز کی طرف سے مرتب دی جانے والی دنیا کی بااثر ترین خواتین کی فہرست میں شامل رہا ہے۔
بل بورڈ کی پیرنٹ کمپنی گو گن ہیم کی شریک صدر جینیس من نے کہا کہ وہ ایک بااثر شخصیت ہیں جنھوں نے اس برس ایک حساس مسئلے کو اٹھایا ہے۔
لیڈی گاگا حال ہی میں اپنے چوتھے البم 'چیک ٹو چیک' کی کامیابی کے بعد ایک بین الاقوامی دورے میں امریکہ اور یورپ کے مخلتف شہروں میں 36شو کر کے لوٹی ہیں۔
انھوں نے اس ماہ امریکہ میں کالج جنسی تشدد کا شکار ہونے والے طلبہ کی زندگی پر مبنی ایک میوزک ویڈیو ریلیز کیا ہے ۔
'پوکر فیس' جیسا ہٹ گانا دینے والی گلوکارہ کے نئے نغمے 'ٹل اٹ ہیپینز ٹو یو ' میں انھوں نے جنسی تشدد کا شکار بننے والے طلبہ کےساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔
اس گانے میں جنسی حملوں پرایک دستاویزی فلم شامل ہےجس کے ذریعے انھوں نے امریکہ کے کالجوں کے کیمپس میں ہونے والے جنسی حملوں کے معاملے کو پیش کیا ہے ۔
ان کا یہ گانابل بورڈ چارٹ اور ٹوئٹر کے رجحان 140 چارٹ پر نمبر ایک پر رہا ہے ۔
لیڈی گاگا کے اب تک چار البم ریلیز ہوئے ہیں ان کا پہلا البم 2008 میں 'دی فیم' کے نام سے ریلیز ہوا ۔دوسرا البم 'دی فیم مانسٹر' اور تیسرا البم 'بورن دس وے' کی کامیابی نے انھیں امریکہ کی صف اول کی میوزک سیلبرٹی بنا دیا ہے ۔
لیڈی گاگا آئندہ برس ایک نئے البم کی ریلیز کا منصوبہ بنارہی ہیں، جبکہ انھوں نے مختلف ٹی وی پروگراموں میں بھی اداکاری کی صلاحیتوں کو آزمایا ہے وہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے تیرہ اقساط پر مبنی مقبول ایک ہارر شو ' امریکن ہارر اسٹوری 'کے پانچویں سیزن میں مرکزی کردار کے روپ میں نظر آئیں گی۔