نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ خیبر پختونخوا کے نام، فخر زمان بہترین بلے باز قرار

فخر زمان کو ایونٹ میں سب سے زیادہ 420 رنز بنانے پر ٹورنامنٹ کا سب سے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل خیبر پختونخوا نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر اپنے سر سجا لیا ہے۔

اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا کی جانب سے اوپننگ بلے باز فخر زمان، مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

خیبر پختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے جس کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 196 رنز ہی بنا سکی۔

فخر زمان نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ پر 76 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر نے 40 گیندوں پر 67 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور سات چوکے بھی شامل تھے۔

محمد رضوان 25، محمد حفیظ 38 اور افتخار احمد ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیتھ اوورز میں شعیب ملک نے شاندار کھیل پیش کیا اور محض 22 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

شعیب ملک کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے بھی شامل تھے۔

سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین، زاہد محمود اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دو سو سات رنز کے ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 34 رنز پر اس کے تین بلے باز پویلین لوٹ گئے۔

کپتان شان مسعود سات، ذیشان اشرف 16 اور صہیب مقصود بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

سدرن پنجاب کی جانب سے حسین طلعت سب سے زیادہ 63 اور خوش دل شاہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عمران نے 38 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔

شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36، 36 رنز کے عوض تین تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ عثمان شنواری اور آصف آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شعیب ملک کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی

ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے فخر زمان کو 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں پانچ نصف سنچریوں کی بدولت مجموعی طور پر 420 رنز بنائے۔

بالنگ کے شعبے میں شاندار کارکردگی پیش کرنے پر شاہین شاہ آفریدی سیریز کے بہترین بالر قرار پائے ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹورنامنٹ کی خاص بات

پاکستان کے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 کی خاص بات یہ ہے کہ ایونٹ کے 33 میچز میں سے 15 میچز میں 200 سے زیادہ اسکور بنائے گئے۔

ایونٹ کا فائنل میچ میں ہائی اسکورنگ میچ رہا جس میں خیبر پختونخوا نے سدرن پنجاب کے خلاف 206 رنز بنائے۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میچ میں 200 کا ہندسہ دوسری مرتبہ عبور کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 2010 میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 221 رنز بنائے تھے۔