جنرل پیٹریاس کی تعیناتی کا خیر مقدم

جنرل پیٹریاس کی تعیناتی کا خیر مقدم

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے نئے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی تعیناتی کو خوش آئندہ قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل اور دشوارحالات میں کام کرنے کا تجربہ اور مہارت رکھنے والے امریکی جنرل کو افغانستان میں اپنی نئی ذمہ داریاں نبھانے میں مدد ملے گی۔

بدھ کو کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں فوجی افسران سے خطاب میں جنرل کیا نی نے کہا کہ وہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کو گذشتہ دو سال سے زائد عرصے سے جانتے ہیں اور امریکی جنرل کو ناصر ف پاکستانی موقف کا پوری طرح ادارک ہے بلکہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے بھی معترف ہیں۔ امریکی صدر اوباما نے جنرل مک کرسٹل کی جگہ حال ہی جنر ل ڈیوڈ پیٹریاس کو افغانستان میں فوج کا سربراہ مقرر کیا ہے۔

فوج کی طرف سے جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل تمام فریقین سے کہا ہے کہ وہ مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کریں۔ اُنھوں نے زوردیا کہ ایسی سیاسی حکمت عملی اور مقاصد کے حصول کو اولیت دی جائے جو مسئلے کے نوعیت کی خود تشریح کرے اور اس حکمت عملی اور دائرکار ہ کو افغانستان کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔

فوج کے سربراہ نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ سوات کی طرح جنوبی وزیرستان کے عوام بھی علاقے میں قیام امن اور استحکام کی کوششوں میں اپنا فیصلہ کن اور مثبت کردار ادا کریں گے۔