امریکی وزیر خارجہ جان کیری روس پہنچ گئے

امریکی وزیرخارجہ جان کیری

یہ دو روزہ دورہ امریکہ کے صدر براک اوباما اور روسی صدر پوٹن کے درمیان آئندہ ماہ جی۔ایٹ کانفرس کے موقع پر ہونے والی ملاقات سے قبل ہو رہا ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری شام میں جاری جنگ اور دیگر معاملات پر بات چیت کے لیے منگل کو روس پہنچے ہیں۔

ماسکو میں روس کے صدر ولادیمر پوٹن سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔

مسٹر کیری کی اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے علاوہ توقع ہے کہ شام کے بحران، ایران اور شمالی کوریا کے ایٹمی پروگراموں اور افغانستان میں تجارت کے معاملات پر بھی بات چیت کریں گے۔

کیری اور لاوروف حالیہ مہینوں میں اس سے قبل بھی متعدد بار ملاقات کر چکے ہیں لیکن وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد مسٹر کیری کا ماسکو کا یہ پہلا دورہ ہے۔

یہ دو روزہ دورہ امریکہ کے صدر براک اوباما اور روسی صدر پوٹن کے درمیان آئندہ ماہ جی۔ایٹ کانفرس کے موقع پر ہونے والی ملاقات سے قبل ہو رہا ہے۔

امریکہ اور روس شام میں بحران کا بہترین حل تلاش کرنے کے معاملے پر کچھ اختلافات کا شکار رہے ہیں۔ روس اور چین سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ کی جانب سے شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف کارروائیوں کی قراردادوں کو ویٹو کرتے آئے ہیں۔