دفاعی مذاکرات کے لیے کیری کی پولینڈ آمد

پولینڈ کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ اسرائیل اور پھر مغربی کنارے جائیں گے، جہاں وہ اسرائیلی اور فلسطینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جنھوں نے امن مذاکرات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری کثیر الجہتی مذاکرات کے لیے پولینڈ پہنچ گئے ہیں، جہاں رہنماؤں سے بات چیت کے بعد وہ مشرق وسطیٰ کے دورے پر لوٹ جائیں گے۔

مسٹر کیری پولینڈ کے وزیرِ اعظم ڈونلڈ ٹسک اور وزیرِ خارجہ راڈوسلا شیکورسکی سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور میزائل دفاعی نظام پر تبادلہ خیال کریں گے۔ عین ممکن ہے کہ اُنھیں امریکہ کی یورپی رہنماؤں سے متعلق جاسوسی کی سرگرمیوں پر بھی سوالات کا سامنا کرنا پڑے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے پیر کو اپنے دورے کا آغاز کمیونسٹ دور کے بعد پولینڈ کے پہلے وزیرِ اعظم ٹاڈیوش مازوویتسکی کی قبر پر حاضری دے کر کیا۔ مازوویتسکی گزشتہ ہفتے انتقال کر گئے تھے۔

پولینڈ کے بعد مسٹر کیری اسرائیل اور پھر مغربی کنارے جائیں گے، جہاں وہ اسرائیلی اور فلسطینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جنھوں نے امن مذاکرات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ اردن، متحدہ عرب امارات، الجزائر اور مراکش کا دورہ بھی کریں گے۔