بوکو حرام کے حملے ’انسانیت کے خلاف جرائم‘: جان کیری

جان کیری نے کہا ہے کہ بوکو حرام ’اس وقت زمین پر موجود دہشت گروپوں میں ایک بدترین گروہ ہے‘

امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ بوکو حرام کی جانب سے حال ہی میں شمال مشرقی نائیجیریا میں کیے گئے حملے ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ ہیں۔

جان کیری جمعرات کے روز بلغاریہ کے دورے کے موقعے پر گفتگو کر رہے تھے۔

ایک روز قبل ہی انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے سیٹلائیٹ سے لی گئی وہ تصاویر جاری کی ہیں، جن میں گذشتہ دو ماہ میں بوکو حرام کی جانب سے کی جانے والی تباہی دکھائی گئی ہے۔

جان کیری کے الفاظ میں، ’یہ معصوم لوگوں کا بہیمانہ قتل ِعام ہے، اور بوکو حرام نہ صرف نائیجیریا بلکہ پورے خطے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کے لیے ایک خطرہ ہے‘۔

جان کیری کے بقول، بوکو حرام ’اس وقت زمین پر موجود دہشت گروپوں میں بدترین گروہ ہے‘۔

جان کیری کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں سے نائیجیریا اور بوکو حرام کے حوالے سے برطانوی وزیر خارجہ، فلپ ہیمنڈ سے بھی بات کی ہے۔

تاہم، اس بات چیت کے حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔