جان کیری پیرس میں فلسطینی صدر سے ملاقات کریں گے

امریکی وزیر خارجہ

بدھ کو ہونے والی ملاقات کیری کی طرف سے اسرائیل۔فلسطین مذاکرات میں پیش رفت کے لیے کی جانے والی تازہ کوششوں کا حصہ ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری پیرس میں ہیں جہاں وہ فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران اسرائیل سے جاری امن بات چیت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بدھ کو ہونے والی ملاقات کیری کی طرف سے اسرائیل۔فلسطین مذاکرات میں پیش رفت کے لیے کی جانے والی تازہ کوششوں کا حصہ ہے۔ اس میں ایسا لائحہ عمل بھی مرتب کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ حتمی امن معاہدہ کس طرح کا ہوگا۔

دونوں ملکوں کی طرف سے گزشتہ سال جولائی میں امن عمل کے لیے کوششیں دوبارہ بحال کرنے کے اعلان کے بعد سے اب تک اس میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ اسرائیل اور فلسطین اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ نو ماہ تک بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے۔ یہ معیاد اپریل میں ختم ہورہی ہے۔

ابتدائی ملاقاتوں میں اسرائیل نے قیدی رہا کرنے پر اتفاق کیا تھا جب کہ فلسطین نے مذاکرات عمل کے آغاز سے قبل اسرائیل کو آباد کاری ترک کرنے کے اپنا مطالبہ چھوڑ دیا تھا۔

امریکی وزیرخارجہ بدھ ہی کو اپنے فرانسیسی ہم منصب لاؤراں فابیوس کے علاوہ اردن کے وزیر خارجہ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔