کینیا بمشکل سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب

سکیورٹی کونسل

کینیا نے جمعرات کو بہت معمولی اکثریت سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست جیت لی ہے۔ یہ ووٹنگ ایک ایسے ماحول میں ہوئی جب عالمی وبا نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور کئی ملکوں میں اس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

سلامتی کونسل کی پانچ غیر مستقل نشستوں کے لیے مقابلہ تھا۔ یہ نشستیں جیتنے والے باقی چار ملک بھارت، آئرلینڈ، میکسیکو اور ناروے ہیں۔ تاہم، کینیا اور جبوتی اقوام متحدہ کی 15 رکنی کونسل میں افریقہ کے لیے متعین سیٹ حاصل کرنے کے لیے جنرل اسمبلی کے دو تہائی ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

جمعرات کے روز کینیا 129 ووٹ حاصل کر کے انتہائی معمولی اکثریت سے نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا، جب کہ جبوتی کو صرف 62 ووٹ مل سکے۔

بدھ کے روز ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں آئرلینڈ اور ناروے کو بھی اپنے علاقائی گروپ میں کینیڈا کے ساتھ سخت مقابلہ کرنا پڑا، جب کہ بھارت اور میکسیکو بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ علاقائی بلاکس اور گروپ آپس میں کسی ملک پر اتفاق کر لیتے ہیں اور کوئی اس کے مقابلے میں کھڑا نہیں ہوتا۔

نئے کامیاب ہونے والے پانچوں ملک اپنی دو سالہ مدت کے لیے یکم جنوری 2021 کو اپنی نشستیں سنبھال لیں گے۔

یہ الیکشن جنرل اسمبلی کے ہال میں ہوا جس کے لیے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے، چہرے کو ماسک سے ڈھانپنے سمیت تمام ہدایات پر عمل کیا گیا۔

مارچ کے وسط میں نیویارک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اقوام متحدہ کے زیادہ تر آپریشنز رک گئے تھے۔ لیکن، اب 8 جون سے کام شروع ہو گیا ہے جس میں بڑے ہجوم اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہے۔