کیرولین کینیڈی جاپان میں سفیر نامزد

’کیرولین ایک عمدہ سرکاری اہل کار ہیں، جو اپنی نئی ذمہ داریوں کی بجا آوری کے لئے اپنے اعلیٰ تجربے اور مستقل مزاجی کو کام میں لائیں گی‘: صدر اوباما
امریکی صدر براک اوباما نے آنجہانی صدر جان ایف کینیڈی کی بیٹی، کیرولین کینیڈی کو جاپان کے لیے اگلے سفیر کے طور پر نامزد کیا ہے۔

مسٹر اوباما نے بدھ کے روز کیرولین کینیڈی کو ’ایک عمدہ سرکاری اہل کار‘ قرار دیا، جو اُن کے بقول، ’ اپنی نئی ذمہ داریوں کی بجا آوری کے لئے اپنے اعلیٰ تجربے اور مستقل مزاجی کو کام میں لائیں گی‘۔

پچپن برس کی کیرولین کی زندگی کا آغاز کیمرہ اور عوام کا سامنا کرنے سے ہوا۔

سنہ 1961 سے 1963 تک وہ اور اُن کے چھوٹے بھائی، آنجہانی جان جونیئر، نے دنیا کو مسحور کیے رکھا۔ وہ وائٹ ہاؤس میں پلَے بڑھے، جب اُن کے والد سرد جنگ اور شہری حقوق کے معاملات سے نبردآزما تھے۔

کیرولین ہاروڈ یونیورسٹی کی ’انڈر گریجوئیٹ‘ ہیں۔ وہ ’کولمبیا لا اسکول‘ کی گریجوئیٹ بھی رہ چکی ہیں۔

وہ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے والی ایک کتاب کی مصنفہ ہیں، اور اُس کمیشن کے بورڈ پر رہ چکی ہیں جو صدارتی مباحثے منعقد کراتا ہے۔

اُن کی تعناتی کے لیے امریکی سینیٹ کی منظوری لازم ہے۔