کیٹی پیری کا متنازعہ میوزک ویڈیو ایڈیٹ کردیا گیا

’چینج ڈاٹ اورگ' ویب سائٹ جس پر یہ درخواست ڈالی گئی تھی، نے خبر دی ہے کہ ’ڈارک ہارس‘ نامی ویڈیو اب یوٹیوب پر ایڈیٹ کر دی گئی ہے
امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کی نئی میوزک ویڈیو 'ڈارک ہارس' کی ایڈیٹنگ کر دی گئی ہے اس ویڈیو کے خلاف مسلمانوں کی طرف سے توہین مذہب کا دعوی کیا گیا تھا۔

پاپ سنگر کیٹی پیری کی نسل پرستی پر مبنی میوزک ویڈیو ’ ڈارک ہارس‘ پر برطانوی شہری شہزاد اقبال کی طرف سے توہین مذہب کا الزام لگایا گیا تھا۔ اور، ایک آن لائن پٹیشن میں انھوں نے یو ٹیوب سے ویڈیو کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا جس کے ایک منظر میں ایک شخص کو جلتا ہوا دکھایا گیا ہے، جس کے گلے میں واضح طور پر ’اللہ‘ کے نام کا لاکٹ نظر آرہا ہے۔

اس پٹیشن کی حمایت میں دنیا بھر سے 65 ہزار سے زائد مسلمانوں نے دستخط کئے ہیں۔

تاہم، جمعرات کی شام، 'چینج ڈاٹ اورگ' ویب سائٹ، جس پر یہ درخواست ڈالی گئی تھی، اطلاع دی ہے کہ ’ڈارک ہارس‘ ویڈیو اب یو ٹیوب پر ایڈیٹ کر دی گئی ہے۔

شہزاد اقبال نے پٹیشن کا مثبت ردعمل ظاہر ہونے پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور اس فیصلے کو درست سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ درخواست گزار شہزاد اقبال نے اپنی درخواست میں موٴقف اختیار کیا تھا کہ اس طرح غیر متعلقہ انداز میں، خدا کا نام استعمال کرنا کسی بھی مذہب کی طرف سے نامناسب تصور کیا جائے گا۔

انھوں نے لکھا کہ ’ڈارک ہارس‘ میوزک ویڈیو میں سوا ایک منٹ بعد ایک منظر میں کیٹی پیری (جو خدائی دعویدار کا کردار نبھا رہی ہیں) وہ خود سے شادی کے خواہشمند افراد میں سے ایک ایسے شخص کو اپنی انگلی کے اشارے سے جلا کر بھسم کر دیتی ہیں، جس نے اللہ کا لاکٹ پہنا ہوتا ہے۔ اس منظر سے واضح طور پر توہین مذہب ہوئی ہے۔

شہزاد اقبال کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ڈارک ہارس‘ میوزک ویڈیو سے ’اللہ‘ کا نام حذف کردیا گیا ہے۔ انھوں نے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حمایت کے بغیر اس مقصد کو حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔

تاہم، ذرائع کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا ہے کہ یہ تبدیلی یو ٹیوب کی طرف سے کی گئی ہے یا پھر میوزک ریکارڈنگ کمپنی کی ہدایت کے پیش نظر ایسا کیا گیا ہے۔

’ڈارک ہارس‘ کی ویڈیو اسی ماہ کی 20 تاریخ کو یو ٹیوب پر ریلیز کی گئی ہے جس کو اب تک تقریباً ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں۔

اس ویڈیو میں امریکی پاپ سنگر مصری ملکہ کے روپ میں نظر آتی ہیں۔ حقیقی زندگی میں کیٹی پیری ایک متقی عیسائی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ لیکن، حال ہی میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ اب ان کی کوئی مذہبی شناخت نہیں ہے۔ لیکن، وہ خدا کے ساتھ گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ جبکہ، کیٹی پیری گذشتہ دسمبر میں امریکن میوزک ایواڈ میں جاپانی پرفارمنس کے حوالے سے کافی تنقید کا نشانہ بنائی گئی تھیں۔

ان کے علاوہ دوسری ثقافتوں کو پیش کرنے پر جن گلوکاروں کو تنقید برداشت کرنی پڑی ہے ان میں گلوکارہ ریحانہ بھی شامل ہیں، جنھیں دبئی کی ایک مسجد میں فوٹو شوٹ کرنے پر مسجد کی حرمت کے خیال سے باہر نکل جانے کے لیے کہا گیا تھا۔