کٹھ پتلی، محبت اور رشتوں کا تانا بانا

مہرالنسا کا خواب ہے ایک کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزارنا۔ لیکن، جن حدود و قیود کے ساتھ وہ زندگی گزار رہی ہے اس میں یہ خواب محض ایک سراب نظر آتا ہے

’ہم‘ ٹی وی کی نئی ڈرامہ سیریل ’کٹھ پتلی‘ کی کہانی دراصل محبت اور رشتوں کا تانا بانا ہے۔ یہ کہانی ہے زندہ دل مہرالنسا کی جو ایک مردانہ سوچ کے حامل گھرانے کی پروردہ ہے۔

مہرالنسا کا خواب ہے ایک کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزارنا۔ لیکن، جن حدود و قیود کے ساتھ وہ زندگی گزار رہی ہے اس میں یہ خواب محض ایک سراب نظر آتا ہے۔

مہر النسا کے دوست اس کی کامیابی کا جشن منانے کیلئے اسے بغیر بتائے ایک فارم ہائوس میں جمع ہوتے ہیں۔ وہاں موجود ایک رپورٹر فارم ہاؤس پر منفی رپورٹ تیار کرتا ہے جس کے آن ائیر ہوتے ہی مہر النسا اور اس کے دوستوں کا گروپ بدنامی کی لپیٹ میں آجاتا اور پھر وہ کچھ ہوتا ہے جس کے بارے میں مہرالنسا نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔

خود اس کے گھر والے اس کے لئے انجانوں جیسا رویہ اختیار کرنے لگتے ہیں۔یہ رویہ مہر النسا جیسی معصوم لڑکی کی روح کو چھلنی کرکے رکھ دیتے ہیں۔

کیا مہرالنسا زمانے کے طعنے تشنے اور الزامات کا سامنا کر پائے گی؟ کیا رپورٹر اپنی غلط رپورٹنگ کی تصحیح کبھی کرسکے گا؟ ۔۔۔۔ ’کٹھ پتلی‘ انہی سوالات کا جواب ہے۔

اسے فائزہ افتخار نے تحریر کیا ہے جبکہ ہدایت کار عاطف اقبال ہیں۔ پروڈیوسر مومنہ دُرید کی ہے اور اداکاروں میں شامل ہیں گوہر، انعم احمد، صنم چوہدری اور فرحان احمد۔