کشمیر میں مسلمان عسکریت پسندوں کے حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک

کشمیر میں مسلمان عسکریت پسندوں کے حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جمعے کو کشتواڑ میں فوج اور عسکریت پسندوں کے مابین فائرنگ کے واقعے میں دو فوجی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی تھی کہ عسکریت پسند کشتواڑ کے ایک قدرتی غار میں موجود ہیں، لیکن جوں ہی فوج غار کے نزدیک آ گئی عسکریت پسندوں نے اُنھیں دستی بموں اور خود کار بندوق سے اُنھیں ہدف بنا لیا۔ اگرچہ اُن کے ساتھیوں نے جوابی فائرنگ کی عسکریت پسند غار سے نکل کر قریبی جنگل میں غائب ہو گئے۔

حفاظتی دستوں کی کمک نے علاقے میں پہنچ کر عسکریت پسندوں کو زندہ یا مردہ پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔

کشتواڑ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، حسیب مغل نے اِس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی دستوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ تاہم، تاحال حملہ آوروں تک نہیں پہنچا جاسکا ہے۔

جموں میں بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل بپلا سنگھ کا کہنا تھا کہ طرفین کے درمیان شدید جھڑپ جاری ہے۔

اُدھر لداخ کی ایک پہاڑی سڑک سے ایک فوجی گاڑی کے پھسل کر گہری کھائی میں گِر جانے سے دو فوجی عہدے دار ہلاک ہو گئے ہیں۔

اِسی طرح کے ایک اور واقعے میں جو کپواڑہ میں کنٹرول لائن کے قریب پیش آیا، ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔ وادیِ کشمیر میں جمعرات کی شام سے برف باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو ابھی تک جاری بتایا جاتا ہے۔