پاکستانی کشمیر میں اسکول وین حادثہ ، ہلاکتوں میں اضافہ

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس حکام نے کہاہے کہ ایک روز قبل دریائے جہلم میں گرنے والی اسکو ل وین میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے جب کہ 12 بچے اب بھی لاپتہ ہیں۔

مظفر آباد کے سینئرسپرٹنڈنٹ پولیس غلام اکبر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ لاپتہ بچوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے لیکن ان کے زندہ بچ جانے کے امکانات بہت محدودہیں۔ ان کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد دریائے جہلم میں تغیانی کے باعث امدادی سرگرمیاں مشکلات کا شکار رہیں۔

یہ حادثہ منگل کی صُبح گڑھی دوپٹہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسکول وین موڑ کاٹتے ہوئے دریائے جہلم میں جا گری۔ امدادی کارکنوں نے وین کے ڈرائیور اور چاربچوں کو زخمی حالت میں پانی سے نکال لیاتھا۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ بس میں 30 بچے سوار تھے لیکن اب پولیس کا کہناہے کہ وین میں موجود بچوں کی تعداد 40 سے زائد تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی وین کے زیر حراست ڈرائیور سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

گذشتہ ماہ بھی گڑھی دوپٹہ کے ہی علاقے میں ایک مسافر بس کے دریا میں گرنے سے 50سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔