’مائی کراچی‘ بین الاقوامی تجارتی نمائش

نمائش کا انعقاد کراچی کی تجارتی، معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے: ملکی تاجروں کا بیان
’مائی کراچی‘ کے عنوان سے، کراچی کے ایوان صنعت و تجارت کے زیر اہتمام گزشتہ ہفتے دسویں بین الاقوامی تجارتی نمائش کا انعقاد ہوا۔

اس بین الاقوامی نمائش کا مقصد دنیا بھر میں شہر کراچی کی معاشی اہمیت کو اجاگر کرنے سمیت شہر کے سافٹ امیج کو سامنے رکھ کر
کراچی میں موجود کاروباری مواقع سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

نمائش کا عنوان ’میرا کراچی امن کا گہوارہ‘ تھا۔


اِس موقع پر، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ، ’دہشتگردی کے خراب حالات کے باوجود کراچی میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے‘۔

وزیر اعلی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ، ’پاکستان، بالخصوص سندھ، قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ غیر ملکی تاجروں کے لیے یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں‘۔


کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون نے نمائش کے بارے میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’کراچی چیمبرآف کامرس کی اس نمائش کو گذشتہ چند سالوں میں ملکی و غیر ملکی سطح پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ مقامی و غیر ملکی کمپنیوں نے نمائش میں شرکت کرکے اس کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔

اس
سہ روزہ نمائش میں متعدد ملکی اور غیر ملکی تاجروں نے حصہ لیا۔

نمائش میں
مختلف سیکٹرز، مالیاتی و فلاحی اداروں سمیت ملٹی نیشنل کمپنیوں نے اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کیں۔

دوسری جانب، کراچی میں تعینات چین، اٹلی، جرمنی، افغانستان، کوریا، ویتنام، روس، سری لنکا، رومانیہ اور کوریا کے قونصل خانوں کی آگاہی کیلئے اسٹال لگائے گئے تھے، جبکہ غیر ملکی تاجروں کیلئے پاکستانی تاجروں کی جانب سے ’میڈ ان پاکستان‘ مصنوعات کی تشہیر کیلئے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔


نمائش کے دوران، تاجروں سمیت تقریباً کراچی کی عوام نے بھی بھرپور شرکت کی، بالخصوص خواتین اور بچوں نے اس میں دلچسپی لی اور نمائش کو سراہا۔

ملکی تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ نمائش کراچی کی تجارتی، معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔

اس سے قبل، اپنے کلمات میں، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر سراج قاسم تیلی نے کہا کہ اس سلسلے کی پہلی نمائش 2004ء میں ہوئی تھی، جب سے اب تک، اس میں کافی پیش رفت حاصل ہوئی ہے اور اسے ملکی و بین الاقوامی سطح پر خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔