کراچی میں ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کلنگ، چھ افراد ہلاک

کراچی میں ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کلنگ، چھ افراد ہلاک

کراچی میں ہفتے کی رات سے شروع ہونے والا ٹارگٹ کلنگ ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ آج بھی دن بھر جاری رہا اور رات ہوتے ہوتے ان واقعات میں مرنے والوں کی تعداد چھ ہوگئی جبکہ تقریباً10 لوگ زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں ایک ڈاکٹر اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ان افراد کو شہرکے مختلف علاقوں پاپوش نگر ، قصبہ کالونی، کلفٹن ، راشد منہاس روڈ ، لیاری ، اورنگی ٹاوٴن ، لائنز ایریا، ناظم آباد ، نارتھ کراچی ، پرانا حاجی کیمپ اور گلستان جوہرمیں باقاعدہ ہد ف بنا کر مارا گیا۔ بعض علاقوں سے مختلف افراد کی لاشیں بھی ملیں جن کی شناخت آخری خبریں آنے تک نہیں ہوسکی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کو بھی ٹارگٹ لے کر مارا گیا ۔

اس سے قبل اتوار کومولانا احمد مدنی اور ان کے بیٹے ابو بکر کو سپرد خاک کیا گیا ۔ انہیں ہفتے کی شب خواجہ اجمیر نگری کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر فائیو بی ون کے علاقے میں الحمید چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا ۔ ان افراد کا تعلق ایک مذہبی تنظیم اہلسنّت والجماعت پاکستان سے تھا۔ قتل کے خلاف اہلسنّت والجماعت نے 11مارچ کو ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

مولانا احمد مدنی سپاہ صحابہ کے سابق سربراہ مولانا اعظم طارق کے سوتیلے بھائی تھے ۔ مولانا اعظم طارق کو بھی چند سال پہلے اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔ مولانا احمد مدنی کالعدم سپاہ صحابہ کراچی کے سابق امیر بھی رہ چکے تھے۔