کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ

انتخابات کے بعد مختلف گروپوں میں تصادم صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا کررہے ہیں، محکمہ داخلہ سندھ
پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں حکومت کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے تمام جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جاری احتجاجی ریلیوں اور دھرنوں کے باعث دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

نوٹیفکشن میں محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ" انتخابات کے بعد مختلف گروپوں میں تصادم صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا کررہے ہیں ۔ امن و امان کے پیش نظر سندھ بھر میں دفعہ 144 غیر معینہ مدت تک لگائی گئی ہے"۔


پاکستان کے عام انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں نے نتائج قبول کرنے سے انکار کردیا اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

سندھ کے شہر نوابشاہ میں دو سیاسی جماعتون میں تصادم کے بعد پیر کو بھی کشیدگی برقرار ہے۔


واضح رہے کہ شہر کراچی میں پیر کو بھی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔