پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے ساتویں میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو5وکٹوں سے شکست دے کرنہ صرف ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوگئی۔
پشاور زلمی نے جیت کے لئے 132رنز کاہدف دیاجو کراچی کنگز نے با آسانی 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔محمد عامر نے صرف 27رنز پر دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلے کامران اکمل کو14اور پھر تمیم اقبال کو 11رنز پر آؤٹ کرکے پشاور زلمی کو مشکلات سے دوچار کردیا۔
شاہد آفریدی نے محمد حفیظ کو صرف 7رنز پر پویلین واپس بھیج کر پشاور زلمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیااور رہی سہی کسر محمد عرفان نے حارث سہیل کو صرف ایک رن پر ملز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکر پوری کردی۔
نئے آنے والے بیٹسمین ابتسام شیخ کو محمد عرفان نے رن آؤٹ کیا، یوں صرف 59رنز پرپشاور زلمی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
کپتان ڈیرن سیمی بھی غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں صرف 2رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھےتو عمید آصف کو شاہد آفریدی نے ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھادی۔
کراچی کنگز کی نپی تلی بولنگ کے آگے ڈیوائن اسمتھ کے سوا کوئی بھی بیٹسمین اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکا۔ اسمتھ نے 51گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 71رنز بنائے۔
اس طرح پشاور زلمی مقررہ بیس اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر131رنز بناسکی ۔
کراچی کنگز کے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو، دوجبکہ ملز اور محمد عرفان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کو بھی اچھا آغاز نہ ملااور 17رنز پر پہلا نقصان خرم منظور کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ تاہم جوئے ڈینلی اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 41رنز بناکر کسی حد تک نقصان کا ازالہ کردیا۔بابر اعظم 28رنز کی اننگز کھیل کر ڈینلی کا ساتھ چھوڑ گئے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈینلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور29رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کولن انگرام نے 23رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 19رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔نئے آنے والے بیٹسمین عماد وسیم نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کوفتح سے ہمکنا ر کردیا۔
اس طرح کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 19اعشاریہ 4 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ روی بوپارا17 اور عماد وسیم 6رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کے جارڈن اور ابتسام شیخ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کنگز نے دو جبکہ ملتان سلطانز نے تین میچ کھیل کر چار، چار پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندرز اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی۔
پیر کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندر سے ہوگا۔