کنگنا راناوت کو بہترین اداکاری پر ’نیشنل‘ ایوارڈ

​​کنگنا راناوت کو ان کی فلم ’کوئن‘ میں بہترین اداکاری پرکرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ لیجنڈری ایکٹر ششی کپور گردے میں تکلیف کے سبب تقریب میں شریک نہیں ہوسکے جس کے بعد ممبئی میں انہیں خصوصی طور پر علیحدہ تقریب میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا

بالی ووڈ ایکٹریس کنگنا راناوت کو فلم ’کوئن‘ میں بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ جبکہ ششی کپور کوبھارت کے سب سے بڑے ’دادا صاحب پھالکے‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے اپنے ہاتھوں سے کنگنا کو ایوارڈ دیا۔ تاہم، ششی کپور بیماری کے سبب تقریب میں نہیں آسکے۔ان کے اعزاز میں نئی تقریب منعقد ہوگی۔

باسٹھ ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوئی جس میں صدر کے ساتھ ساتھ وزیر اطلاعات و نشریات ارون جیٹلی بھی شریک ہوئے۔

کنگنا راناوت کو ان کی فلم ’کوئن‘ میں بہترین اداکاری پر کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ لیجنڈری ایکٹر ششی کپور گردے میں تکلیف کے سبب تقریب میں شریک نہیں ہوسکے جس کے بعد ممبئی میں انہیں خصوصی طور پر علیحدہ تقریب میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

بھارت کا سب سے بڑا ایوارڈ ششی کپور کے نام
ششی کپور ان دنوں بیمار ہی نہیں بلکہ عرصے سے وہیل چیئر پر ہیں۔ انہیں ملک کا سب سے بڑا ’داداصاحب پھالکے ایوارڈ برائے سال 2014ء‘ دیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں بھارتی صدر نے شیشی کپور کے لئے جن جذبات اور کلمات کا اظہار کیا وہ بھی کسی اعزاز سے کم نہیں۔

صدر مکھرجی نے کہا کہ ’میں دل کی گہرائیوں سے ششی کپور کو ’داداصاحب پھالکے‘ جیسا عظیم ایوارڈ جیتنے پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ فن کے لئے ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ وہ حقیقی لیونگ لیجنڈ ہیں۔‘

ششی کپور 77 سال کے ہیں اور وہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ حاصل کرنے والے 46 ویں اداکار ہیں۔ انہوں نے 160فلموں میں کام کیا ۔فلم ’نمک حلال‘، ’دیوار‘ اور ’کبھی کبھی‘ ان کی لاجواب اور بلاک بسٹر فلمیں ہیں۔

انہیں سنہ 1965 میں بننے والی کلاسک فلم ’جب جب پھول کھلے‘ سے لازوال شہرت ملنا شروع ہوئی۔ اسی فلم کے بعد انہیں کمرشل اسٹار کہا جانے لگا۔

وہ کپور خاندان کے تیسرے فرد ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ۔ اس سے قبل ان کے والد پرتھوی راج کپور اور بڑے بھائی راج کپور کو بھی داداصاحب پھالکے ایوارڈز مل چکا ہے۔

سرکاری سطح پر کسی بھی فلمی شخصیت کو دیا جانے والا یہ سب سے بڑا اور اعلیٰ ایوارڈ ہے۔ جیتنے والے کو سونے سے بنا کنول کا پھول، دس لاکھ روپے نقد اور ایک شال دی جاتی ہے۔

ششی کپور کو سنہ 2011 میں ’پدم بھوش ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا جو ملک کا تیسرا بڑا سول اعزاز ہے اور جو فن اور سنیما کے شعبے میں انتہائی گرانقدر خدمات ادا کرنے کے عوض دیا جاتا ہے۔