سعودی عرب کے شہر جدہ میں کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے کانسرٹ نے پاپ موسیقی کے مداحوں کے دل موہ لیے۔ سوشل میڈیا پر جسٹن کے چاہنے والوں نے اس دن کو ایک خاص دن قرار دیا۔
جدہ میں اتوار کو فارمولہ ون ریسنگ ایونٹ 'سعودی عرب گراں پری' کے اختتام کے بعد کانسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے پرفارم کیا۔
کانسرٹ میں شہری جسٹن کے مشہورِ زمانہ گانوں پر جھوم اٹھے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں اور کارکنان نے کانسرٹ سے قبل جسٹن بیبر سے شو کو منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ سعودی عرب میں گرفتاریوں اور ناقدین کے کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کے طور پر جدہ میں پرفارم نہ کریں۔
تاہم گلوکار نے ان اپیلوں کے باجود اتوار کی شب سعودی عرب میں پرفارم کیا۔
چند برس قبل تک سعودی عرب میں یہ ناقابلِ تصور تھا کہ ملک میں اس قسم کے کانسرٹ کا انعقاد کیا جائے۔ کیوں کہ ملک میں کانسرٹس پر پابندی اور نامحرم مرد و خواتین کو عوامی مقامات پر اکھٹا ہونے کی اجازت نہیں تھی۔
سعودی عرب میں حالیہ تبدیلیاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت سامنے آ رہی ہے جس میں معاشرے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور نوجوانوں کو ملازمتوں کی جانب راغب کرنا شامل ہے۔
سعودی عرب میں جسٹن بیبر کے کانسرٹ کا سوشل میڈیا پر بھی خوب تذکرہ ہوا جہاں صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں اس دن کا انتظار تھا۔
i’ve been waiting for this moment for TEN YEARS !! #ThankYouJustin #justinbieberjeddah #JustinBieberinSaudiArabia pic.twitter.com/TGtMzqECG6
— angel (@ftmoonlightt) December 6, 2021
ایک صارف نے کہا کہ انہیں دس برس سے اس لمحے کا انتظار تھا۔
Best day ever !!! ♥️♥️♥️♥️ #justinbieberjeddah #JustinBieberinSaudiArabia #Justinbeiber #Formula1 #beliebers #jeddah #جاستن_بيبر pic.twitter.com/7Ad27cNx49
— Raneem . (@xran1D) December 6, 2021
ایک صارف نے اسے بہترین دن قرار دیا۔
اذا مكان اطلق كونسرت لي جستن اول كونسرت صار في السعوديه ي كميه الفرحه صح اني ما رحت بس اني فرحانه مره انه جاء السعوديه اول حفله له في السعوديه مراح انسى تاريخ اهم حدث صار في حياتي 5/12/2021❤️❤️ #JustinBieberinSaudiArabia pic.twitter.com/r0xnklQtbz
— Waad🧚🏽♂️✨ (@Waa_d80) December 6, 2021
سعودی عرب میں جسٹن بیبر کے کانسرٹ کو ایک صارف نے ناقابلِ فراموش اور اہم دن کہا۔
ہیومن رائٹس واچ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے سعودی عرب میں معروف شخصیات سے اس طرح کے ایونٹس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ایونٹس سعودی عرب میں انسانی حقوق کے معاملے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہیں۔
جسٹن بیبر کے کانسرٹ سے چند ہفتے قبل مقتول سعودی صحافی جمال خشوگی کی منگیتر خدیجے چنگیز بھی ان افراد میں شامل تھیں جنہوں نے گلوکار سے فارمولہ ون ریس کے بعد پرفارم نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔
SEE ALSO: سعودی عرب کی جانب سے فٹبال کلب کی خریداری کا معاملہ، پریمیئر لیگ تنقید کی زد میںامریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع کردہ ایک کھلے خط میں خدیجے چنگیز نے پاپ گلوکار پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی پرفارمنس منسوخ کر کے دنیا کو ایک طاقتور پیغام دیں کہ ان کا نام اور ٹیلنٹ ایک ایسی حکومت کی ساکھ کو بحال کرنے میں استعمال نہ کیا جائے جو اپنے ملک کے ناقدین کو قتل کر دیتی ہے۔
واضح رہے کہ جمال خشوگی 2018 میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیے گئے تھے۔ وہ سعودی حکومت خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کڑے ناقد تھے اور امریکی اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' میں ہفتہ وار کالم بھی لکھا کرتے تھے۔