جوہی چاولہ کی کراچی آمد ، برقع پہن کر شاپنگ

جوہی اپنے ایک قریبی رشتے دار کی شادی میں شرکت کی غرض سے کراچی پہنچیں لیکن اس دورے کی انہوں نے کانوں کان کسی کو خبر نہیں ہونے دی خاص کر میڈیا کو۔۔۔
بالی ووڈ ایکٹریس جوہی چاوٴلہ ان دنوں کراچی اور شتروگھن سنہا لاہور آئے ہوئے ہیں۔ جوہی اپنے ایک قریبی رشتے دار کی شادی میں شرکت کی غرض سے کراچی پہنچیں لیکن اس دورے کی انہوں نے کانوں کان کسی کو خبر نہیں ہونے دی خاص کر میڈیا کو۔۔۔

۔۔۔لیکن بھلا ایسا کس طرح ممکن ہے کہ جوہی پاکستان آئیں اور کسی کو معلوم نہ ہو۔ کراچی شہر ہی ایسا ہے کہ پتا کھڑکے یا دل دھڑکے سب کو علم ہوہی جاتا ہے۔ شام تک ٹی چینلز کے ذریعے ان کی آمد کی خبر شہر بھرمیں پھیل گئی۔

جوہی جی اکیلی پاکستان نہیں آئیں بلکہ ان کے شوہر نامدار جے مہتا بھی ان کے ساتھ ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ایک روز قبل انہوں نے طارق روڈ اور کلفٹن میں شاپنگ بھی کی۔

ہفتے کی رات جوہی چاولہ نے کراچی میں مقیم اپنے کزن کی شادی میں شرکت کی۔ شادی میں جوہی چاولہ کے رشتے داروں اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ پاکستان اور خاص کر کراچی کا ان کا دوسرا دورہ ہے۔ حالیہ سالوں میں بھی وہ یہاں آچکی ہیں۔ ایک قریبی رشتے دار کا کہنا ہے کہ وہ بہت مختصر دورے پر کراچی آئی ہیں۔

اعجاز الحق کے بیٹے کا ولیمہ : شتروگھن کی شرکت
دوسری جانب بالی ووڈ ایکٹر شتروگھن سنہا لاہور آئے ہوئے ہیں۔ وہ مسلم لیگ ضیاء کے رہنما اور سابق وزیر مذہبی امور اعجاز الحق کے بیٹے کی شادی میں شرکت کی غرض سے یہاں آئے ہیں ۔ شتروگھن سنہا سابق فوجی صدر ضیاء الحق کے قریبی دوست شمار ہوتے ہیں۔ ضیاء فیملی سے ان کے گہرے مراسم ہیں۔

ضیاء الحق کے ساتھ ساتھ شتروگھن سنہا مسلم لیگ نو ن کے سربراہ میاں نواز شریف کے بھی قریبی دوست ہیں۔