امریکی گلوکار جان لیجنڈ دنیا کے سب سے پرکشش مرد قرار

جان لیجنڈ

امریکہ کے ایک گلوکار اور نغمہ نگار جان لیجنڈ رواں سال دنیا کے سب سے پرکشش مرد کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہ اعزاز جان لیجنڈ کو امریکہ کے 'پیپلز میگزین' کی جانب سے دیا گیا ہے جو پچھلے 34 برسوں سے مسلسل یہ اعزاز دے رہا ہے۔ ہر سال نومبر میں اس میگزین کی جانب سے دنیا کے پرکشش ترین مرد کا اعلان کیا جاتا ہے۔

جان لیجنڈ کا شمار ہالی وڈ کے ایسے فنکاروں میں ہوتا ہے جو ہمیشہ دوسروں سے جھک کر ملتے ہیں اور لوگوں کا احترام کرتے ہیں۔

پرکشش مرد کا اعزاز پانے کے بعد پیپلز میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جان لیجنڈ نے کہا کہ وہ یہ ٹائٹل حاصل کرنے پر پرجوش تو ہیں لیکن ساتھ ہی وہ ایک ان دیکھا دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرکشش مرد کا ٹائٹل حاصل کرنے کے بعد انہیں تمام لوگوں کے دل جیتنے ہیں کیوں کہ لوگ یہ جاننے کے خواہاں ہیں کہ کیا واقعی میں اس اعزاز کے قابل ہوں بھی یا نہیں؟

جان نے اپنے کیریئر کا آغاز 2004 میں کیا تھا اور اب ان کی عمر 40 برس ہے لیکن دیگر کئی فنکار ان سے بھی زیادہ عمر میں یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے مشہور امریکی اداکارہ اور ماڈل گریسی ٹیگن سے 2013 میں شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ ان کی بیٹی لونا، ساڑھے تین سال کی ہیں اور بیٹے مائلز کی عمر 18 ماہ ہے۔

گلوکار کی حیثیت سے جان لیجنڈ کے اب تک 6 میوزک البم ریلیز ہو چکے ہیں جن میں سے ایک البم کو 2006 میں 'گریمی ایوارڈ' بھی مل چکا ہے۔ جان نصف درجن سے زائد فلموں اور 10 سے زائد ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔

جان کا کہنا ہے کہ ان کی ماں جب بھی انہیں اسکول یا چرچ وغیرہ میں کچھ گاتے ہوئے سنتی تھیں تو یہی کہا کرتی تھیں کہ میں گانے کا شوق ہمیشہ برقرار رکھوں۔

اپنے والد کا ذکر کرتے ہوئے جان لیجنڈ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کے والد ان کے آئیڈل ہیں۔ وہ چاہتے تھے کہ میں مضبوط کردار اور اچھے اخلاق والا انسان بنوں۔

جان لیجنڈ کی تصویر سے سجا 'پیپلز میگزین' کا تازہ شمارہ اس ماہ کی 15 تاریخ کو شائع ہوگا۔