گلوکار جواد احمد سیاست میں قسمت آزمائیں گے

گلوکار جواد احمد، فائل فوٹو

گوری کرت سنگھار‘،’اوکہندی اے سیاں میں تیری آں‘اور ان جیسے دیگر سپر ہٹ گانے پاکستانی میوزک کو دینے والے گلوکار جواد احمد اب سیاست کے شعبے میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔

سیاسی جماعت’ برابری پارٹی‘کے چیئرمین جواد احمد نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

جواد احمد نے گزشتہ سال نئی جماعت’ برابری پارٹی‘بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پارٹی پاکستان کے عام آدمی کی پارٹی ہوگی اورعام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لئے آواز اٹھائے گی اور کوشش کرے گی۔

انتخابی اور سیاسی میدان میں پہلا پہلا قدم رکھنے والے جواد احمد نے الیکشن سے پہلے ہی اپنے سیاسی مخالفین کوآڑ ے ہاتھوں لینا شروع کردیا۔

ٹوئیٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق کرکٹر عمران خان، آصف زرداری اور نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان بھی عوام کے لئے اتنے ہی غیر مخلص ہیں جتنے آصف زرداری یا نوازشریف ۔مڈل کلاس اور ورکنگ کلاس پر مشتمل صرف’ برابری پارٹی پاکستان‘ہی عوام کے مسائل کو حل کرکے عوام کی بہبود اور فلاح کے لئے کام کر سکتی ہے۔

جواداحمد گلوکاری کے علاوہ سماجی خدمت کے شعبے میں بھی سرگرم رہے ہیں ۔انہوں نے خصوصاً تعلیم کو عام کرنے کے حوالے سے کافی کام کیا ہے۔