جاپان: جوہری بجلی پر انحصارگھٹانے کا اعلان آج متوقع

جاپان: جوہری بجلی پر انحصارگھٹانے کا اعلان آج متوقع

جاپان کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم ناؤتو کان جوہری بجلی پر انحصار گھٹانے سے متعلق ایک منصوبہ کا اعلان بدھ کی شام ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم کان اپنی پریس کانفرنس میں توانائی سے متعلق جاپان کی پالیسی کے از سر نو جائزہ اور توانائی کے ماحول دوست ذرائع پر انحصار بڑھانے کی تجاویز بھی پیش کرینگے۔

جاپانی وزیرِاعظم یہ پریس کانفرنس ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب ان پر اپنی مقبولیت میں کمی کے باعث اپنے استعفے کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لیےدباؤ مسلسل بڑھ رہاہے۔

انہوں نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ ملک میں ماحول دوست توانائی کے استعمال میں اضافے سے متعلق قانون کی منظوری اور 11 مارچ کے زلزلے اور سونامی سے جاپانی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے بعد جلد اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

وزیرِاعظم کان کی حکومت کو جاپان کے تمام جوہری بجلی گھروں کو دوبارہ چلانے سے قبل ان کا 'اسٹریس ٹیسٹ' کرانے کا فیصلہ تاخیر سے کرنے کے سبب بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس وقت جاپان کے 54 میں سے صرف 19 جوہری ری ایکٹرز کام کر رہے ہیں جن میں سے بیشتر کو معمول کی جانچ پڑتال کےلیے بند کیا گیا ہے۔ ری ایکٹرز کی بندش کے باعث جاپانی حکومت کو توانائی کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیرِاعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جاپان کو 2030ء تک اپنی توانائی کی ضروریات کا 50 فی صد تک جوہری بجلی سے پورا کرنے کے منصوبے پر نظرِ ثانی کرنا ہوگی۔

رائے عامہ کے حالیہ جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاپانی عوام کی اکثریت کا جوہری توانائی پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے جس کا بنیادی سبب زلزلے اور سونامی سے متاثر ہونے والے فوکو شیما جوہری بجلی گھر سے خارج ہونے والی تابکاری کے بحران کا کئی مہینوں تک جاری رہنا ہے۔ اس واقعہ کے بعد اب جاپانی عوام کی 10 فی صد سے بھی کم تعداد مزید جوہری بجلی گھروں کی تعمیر کے حق میں ہے۔

تاہم جاپان کے کئی صنعتی اور پارلیمانی حلقوں کے مفادات جوہری بجلی کے استعمال سے منسلک ہیں اور ان حلقوں کی جانب سے ممکنہ طور پر جوہری بجلی پر انحصار میں کمی کے مطالبوں کی مخالفت کی جائے گی۔

دریں اثناء جاپان کے جوہری توانائی کمیشن کے نائب سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ جوہری توانائی پر انحصار کم کرنے کے نتیجے میں کئی دیگر خطرات سر اٹھا سکتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بدھ کے روز دیے گئے ایک انٹرویو میں جاپان کے جوہری توانائی کمیشن کے نائب چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایٹمی بجلی پر انحصار کم کرنے سے تیل کے لیے جاپان کا انحصار مشرقِ وسطیٰ پر بڑھ جائے گا، جبکہ بجلی کی پیداوار کےلیے معدنی ذخائر کے استعمال سے آلودگی میں بھی اضافہ ہوگا۔